حیدرآباد: حیدرآباد سے آج حجاج کرام کے مزیدایک قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی مکہ مکرمہ پہنچنے والے حجاج کرام کی تعداد 2700تک پہنچ گئی۔ عازمین خیریت سے ہیں اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد انہو ں نے اپنے بال منڈوالئے اور عام لباس میں آگئے۔ اب وہ طواف‘ تلاوت کلام پاک ‘ نمازوں اور ذکر و اذکار میں مصروف ہیں۔ اب تک جملہ نو قافلے روانہ ہوئے ہر قافلے کے ساتھایک ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا جارہا ہے‘ جو سعودی عرب سے حج کمیٹی سے ربط میں ہیں۔ نواں قافلہ آج رات دیرگئے حج کیمپ سے روانہ ہوا اوراس نے صبح6:30 بجے پورٹ سے اڑان بھری۔ حج کیمپ میں تمام ضروری امور کی تکمیل‘ لگیج چیک ‘ کسٹمس کلیرنس اور امیگریشن کی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد عازمین کو آڑ ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ حج ٹرمنل منتقل کیا۔ ان کا سامان آر ٹی سی کی ڈی جی ٹی ویانوں کے ذریعہ حج ٹرمنل پہنچایا گیا۔ آج نویں قافلہ کو رکن اسمبلی عامر شکیل ‘ صدر نشین حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان‘ اسپیشل آفیسرپروفیسر ایس اے شکور کے علاوہ حج کمیٹی کے رکن جناب ابو طلحہٰ امجد نے وداع کیا۔ اس موقعہ پر عازمین کے رشتہ داروں اوراحباب کی کثیر تعداد حج ہاؤز میں موجود تھی۔ عازمین کو تلبیہ کی گونج میں روانہ کیا گیا۔ عامر شکیل نے اس موقعہ پر اپنے خطاب میں عازمین کو مبارک باد دی اور کہا کہ وہ ایک مقدس سفر پر جارہے ہیں اور یہ خوش نصیبی کی بات ہے کہ اللہ نے ان کو اپنے گھر طلب کیا ہے۔ انہو ں نے عازمین سے خواہش کی کہ وہ جب بھی دعا کریں ساتھ میں ملک و قوم اور ریاست کی ترقی‘ خوش حالی ‘ امن و امان اور بھائی چارہ کے فروغ کے لئے بھی دعا کرتے رہیں۔ عالم اسلام میں امن کی دعا کریں۔
مولانا مفتی امجد قاسمی نے کہا کہ اپنی نیتوں کو ٹٹول لو۔ حج ان کے لئے فرض ہے جو وہاں تک پہنچنے کی سکت رکھتے ہیں۔ انہوں نے حجاج کرام کو بعض ضروری احتیاطی باتوں سے واقف کروایا اور کہا کہ وہ توجہ اور انہماک کے ساتھ مناسک حج ادا کریں۔ عبادات اور تلاوت قران مجید اور درود شریف کا اہتمام کرتے رہیں۔ انہوں نے مختصر طور پر فضائیل و مناسک حج و عمرہ بھی بیان کئے۔ صدر نشین حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان نے کہا کہ عازمین حج اللہ کے مہمان ہیں ان کی خدمت ہر مسلمان کا فرض ہے۔ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عازمین اپنا وقت عبادات میں صرف کریں۔پروفیسر ایس اے شکور نے حج کیمپ کے انتظامات پر روشنی ڈالی ا ورکہا کہ حیدرآباد سے 7273عازمین کی روانگی عمل میںآرہی ہے۔ تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش اور کرناٹک کے عازمین بھی حیدرآبادسے روانہ ہورہے ہیں۔ پیر6 اگست کو دو قافلے سوئے حرم روانہ ہوں گے ‘جن کے ذریعہ 600 عازمین سفر حج پر روانہ ہوں گے۔
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔