ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

کرناٹک میں پولیس کی لاٹھی اور چور کی چالاکی سب پر بھاری کورونا ، اب تک اتنے پولیس اہلکار اور قیدی ہوئے متاثر

کرناٹک میں کورونا کی وبا نے کئی قیدیوں اور پولیس اہلکاروں کو اپنی چپیٹ میں لیا ہے۔ صرف بنگلورو میں 500 سے زائد پولیس اہلکار کورونا کے مرض میں مبتلا ہیں، 6 پولیس جوانوں کی موت بھی ہوچکی ہے۔

  • Share this:
کرناٹک میں پولیس کی لاٹھی اور چور کی چالاکی سب پر بھاری کورونا ، اب تک اتنے پولیس اہلکار اور قیدی ہوئے متاثر
کرناٹک میں پولیس کی لاٹھی اور چور کی چالاکی سب پر بھاری کورونا ، اب تک اتنے پولیس اہلکار اور قیدی ہوئے متاثر

کورونا وائرس کی وبا سے پورا ملک ان دنوں پریشان ہے ۔ ملک کے آئی ٹی شہر بنگلورو میں کیا عام کیا خاص ، سب کے سب کورونا کی مار جھیلنے پر مجبور ہیں ۔ اس مصیبت نے قانون کے رکھوالوں ، عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنے والوں کو بھی نہیں بخشا ہے ۔ ان دنوں بنگلورو میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار کورونا کی بیماری سے متاثر ہیں ۔ 12 جولائی 2020 کو جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق بنگلورو میں کل 535 پولیس اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ۔ متاثرہ پولیس اہلکاروں کا اسپتالوں اور آئیسولیشن سینٹروں میں علاج جاری ہے۔  اب تک 6 پولیس اہلکاروں کی کورونا سے موت ہوئی ہے۔ 737 پولیس اہلکار کوارنٹائن میں ہیں۔ 292 متاثرہ اہلکار صحت یاب ہوئے ہیں ۔  پورے بنگلورو میں 19 پولیس اسٹیشنوں کو سیل ڈاون کردیا گیا ہے۔ اس طرح شہر میں پولیس کی ایک بڑی تعداد کورونا مرض سے متاثر ہوئی ہے ۔


بنگلورو کے پولیس کمشنر بھاسکر راو نے دو دن قبل اپنے دفتر میں ہی بیٹھ کر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ متاثرہ پولیس اہلکاروں کی مزاج پرسی کی ۔ اس موقع پر بھاسکر راو نے ان کی ہمت بڑھائی ۔ بھاسکر راو نے اپنے تمام ساتھیوں سے کہا کہ وہ کورونا کی بیماری سے ہرگز نہ گھبرائیں ۔ ویٹامن سی کی اشیا اور گرم پانی کا استعمال کرتے رہیں ، مقوی غذائیں کھاتے رہیں ، ورزش کرتے ہوئے صحت مند رہیں ۔


دوسری جانب کورونا سے متاثر ہوئے قیدیوں کا حال بد حال ہے ۔ متاثرہ قیدیوں کو ایک ساتھ دو دو سزائیں کاٹنی پڑ رہی ہیں ۔ ایک سزا اپنے جرم کی تو دوسری سزا کورونا مرض کی ۔ بنگلورو کی سینٹرل جیل " پرپن اگرہار" میں 11 جولائی 2020 کو آئی رپورٹ کے مطابق 30 قیدیوں میں کورونا مرض کی تصدیق ہوئی ہے ۔ متاثرہ قیدیوں کو الگ تھلگ کردیا گیا ہے اور انہیں آج علاج کیلئے بنگلورو کے ہیگڑے نگر کے قریب موجود حج بھون کووڈ کئیر سینٹر بھیج دیا گیا ہے ۔ بنگلورو کی پرپن اگرہار جیل میں حال ہی میں کورونا کی رینڈم ٹسٹٹنگ کی گئی تھی ۔ کل  150 قیدیوں کو کورونا ٹسٹ کیلئے منتخب کیا گیا تھا ۔ ان میں 30 قیدیوں کی رپورٹ پازیٹیو آئی ۔


اس طرح بنگلورو اور ریاست کی دیگر جیلوں میں بھی کئی قیدی کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں ۔ کئی قیدی اس مرض سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔ بہرحال کورونا کی خطرناک بیماری نے زندگی کے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے ۔ اس مرض کے سامنے پولیس کی لاٹھی خاموش ہے ، قیدی بھی اپنے کئے کی دوگنی سزا کاٹ رہا ہے ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jul 12, 2020 07:44 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading