وجئے واڑہ : آندھراپردیش کے وزیراعلی وتلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو نے واضح کیا ہے کہ 2019میں علاقائی جماعتیں کنگ میکر ہوں گی۔ انہوں نے وجئے واڑہ میں پارٹی کے سالانہ پروگرام مہاناڈو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو شکست دینے کے لئے تمام علاقائی جماعتیں متحد ہورہی ہیں۔بی جے پی شکست کا مزہ چکھے گی۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی اقتدار کی بھوک کے خلاف تیسرے محاذ کی تشکیل میں علاقائی جماعتوں کی ضرورت ہے۔اس تعلق سے آئندہ تین دنوں میں مہاناڈو میں قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ملک کی سیاست میں تبدیلی کی طاقت تلگو دیشم پارٹی میں ہے۔انہوں نے کہاکہ آندھراپردیش کی تقسیم کے موقع پر ریاست سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی خواہش پر اے پی کے ساتھ مرکز نے سازش کی ۔
انہوں نے کہا کہ اے پی کے لئے خصوصی درجہ آندھراپردیش کا حق ہے اور اس کے لئے تلنگانہ نے بھی حمایت کی ہے۔ ریاست آندھراپردیش سے ناانصافی کے سبب ہی تلگو دیشم پارٹی این ڈی اے سے علاحدہ ہوگئی ہے۔اس تعلق سے کوئی فکرمندی یا تشویش کی ضرورت نہیں ہے۔ہمیں عزت نفس کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔خود اعتمادی اور بانی تلگودیشم پارٹی این ٹی راما راو کے جذبہ کے ساتھ ہم کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ متحدہ آندھراپردیش کی غیر سائنٹفک انداز میں تقسیم کی گئی ۔ انہوں نے ریاست کی تقسیم سے عوام کو ہورہی مشکلات سے بھی واقف کروایا۔ انہوں نے ریاست کے حالات کو مستحکم بنانے کیلئے گزشتہ چار سالوں کے دوران ان کی مساعی کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ اے پی کی تقسیم کے موقع پر جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل کی خاطر 2014میں تلگودیشم پارٹی نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا تھاتاہم بی جے پی نے اے پی کو دھوکہ دیا جس کے سبب ہی تلگودیشم پارٹی نے این ڈی اے سے علحدگی اختیارکی۔
چندرابابو نے کہاکہ اے پی کو خصوصی درجہ کے مطالبہ کے ساتھ انہوں نے 29مرتبہ دہلی کا دورہ کیا تاہم ان کی خواہش کو ہر بار نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ اے پی کے ساتھ مرکز نے دھوکہ دیا ہے۔وزیراعظم ترقی کے ایجنڈہ کی تشہیر کر رہے ہیں۔تلگودیشم پارٹی نے نوٹ بندی کی حمایت کی تھی ۔ چندرا بابو نے کہا کہ انہوں نے سونچا تھا کہ نوٹ بندی ملک کی معیشت کیلئے بہتر ہوگی تاہم مرکز کے اس فیصلہ سے بینکس کو مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔عوام کو بینکس پرسے بھروسہ اٹھ گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ملک میں کرنسی کی قلت کی ایسی صورتحال کبھی نہیں دیکھی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔