کانگریس کے سینئر لیڈر اور ترجمان ٹام وڈکن نے آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کا دامن تھام لیا اور کہا کہ کانگریس نے ملک کے خلاف رخ اختیار کرلیا ہے جس سے ان کے پاس پارٹی چھوڑنے کے علاوہ کوئی متبادل نہیں رہ گیا تھا۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے ٹام وڈکن کو پارٹی میں شامل کیا۔ کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کے قریبی رہے وڈکن کیرالہ کے تریچور ضلع کے رہنے والے ایک رومن کیتھولک خاندان سے آتے ہیں۔ بی جے پی میں ان کے شامل ہونےسے پارٹی کو کیرالہ میں فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر وڈکن نے کہا کہ انہوں نے بہت بھاری دل سے کانگریس چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک پر پاکستانی دہشت گردوں کے حملے اور ہندوستان کے جواب پر جیسا رد عمل کانگریس نے ظاہر کیا، اس سے انہیں بہت دکھ پہنچا ہے۔ ہندوستان کے فوجی دستوں کی وفاداری پر سوال اٹھایا گیا تو ان سے رہا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا،’’بات نظریہ کی نہیں، حب الوطنی کی ہے۔ اگر سیاسی پارٹیاں ایسا رخ اختیار کرلیں جو ملک کے خلاف ہو تو میرے پاس کوئی متبادل نہیں بچتا سوائے ایسی پارٹی چھوڑنے کے‘‘۔ وڈکن نے کہا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے ترقی کے خیالات اور ہندوستان کے سلسلے میں ان کے نظریے سے متاثر ہیں۔ اس کے لئے بہت محنت کی گئی ہے۔ کانگریس میں وہ 20سال تک رہے ہیں۔ وہاں اقربا پروری کی سیاست کی وجہ سے پروقار کارکنان کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ اب تو وہاں ’استعمال کرو اور پھینکو‘ کی پالیسی بھی کام کررہی ہے۔ اس سے ان کی کانگریس میں پوری طرح سے دلچسپی ختم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم اور بی جے پی کے صدر امت شاہ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے انہیں بی جے پی میں شامل ہونے اور ملک کے لئے کچھ کرنے کا موقع دیا ہے۔
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔