رائچو ر۔ مذہب اسلام میں انتقال کرجانے کے بعد مردوں کو دفن کرنے کا طریقہ ہے ۔ روز بروز بڑھتی آبادی کے پیش نظر شہری علاقوں کے ساتھ چھوٹے موٹے گا ؤں اور دیہی علاقوں میں بھی قبرستان تنگ ہوتے جارہے ہیں ۔ ملک کے بعض شہروں کے علاوہ کرناٹک کے رائچور شہر میں بھی قبرستان تنگی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں ۔
روز بروز شہر بڑے بڑے میٹرو سٹیز اور گاؤں شہروں میں تبدیل ہوتے جا رہے ہیں ۔ آبادی میں ہوش ربا اضافہ کے ساتھ ساتھ شہروں میں نئی نئی بستیاں وجود میں آ رہی ہیں ۔ لیکن عوامی نمائندوں اور سرکاری حکام قبرستان جیسی اہم ضروریات پرتوجہ نہیں دے پارہے ہیں ۔ شہروں میں صورتحال یہ ہے کہ جگہ کی تنگی کے باعث پرانی قبروں میں ہی لوگوں کو دفنا یا جا رہا ہے ۔ مسلم اکثریتی علاقوں میں یہ مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے ۔ یہی صورتحال کرناٹک کے رائچور شہر میں بھی دیکھی جا رہی ہے ۔ شہر میں کم وبیش دس سے زائد چھوٹے بڑے قدیم قبرستان ہیں ۔ یہاں کے اکثر قبرستان نئی قبروں کے لیے تنگ ہوچکے ہیں ۔ بعض قبرستانوں میں تھوڑی بہت جگہ ہے لیکن اس کے بھی چند برسوں میں پرہو جانے کے امکانات ہیں ۔ بعض مسلم تنظیموں کی نمائندگی پر کئی برسوں کے بعد ضلع انتظامیہ نے رائچور شہرکے نواحی علاقے آشریہ کالونی کے قریب ضلع انتظامیہ نے ساڑھے تین ایکڑ زمین الاٹ کی ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تنگی کے پیش نظرشہرکے اطراف جگہ جگہ قبرستان کے لیے زمین مختص کی جائیں تو آنے والی نسلوں کے لیے سہولت رہے گی اورلوگوں کو بھی دوردراز قبرستان جانے کی بھی نوبت نہیں آئے گی ۔
رائچور شہر کے سماجی کارکنوں اور دانشوروں نے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے قبرستانوں کیلئے زمین الاٹ کرنے کے معاملے پر غور کرنے کی وقف بورڈ کے ذمہ داروں اور ضلع انتظامیہ سے مانگ کررہے ہیں ۔ بصورت دیگر مستقبل میں تدفین کو لیکر مسلمانوں کو شدید بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔