ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

حج 2020 : کرناٹک میں قرعہ اندازی ، 6243 عازمین حج کا انتخاب

حج قرعہ اندازی کے موقع پر وزیر اعلی نے شہریت ترمیمی قانون کا بھی ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون سے کسی بھی مسلمان کو تکلیف نہیں ہوگی ، اگر کسی کو تکلیف ہوتی ہے ، تو وہ اس کی ذمہ داری لیں گے۔

  • Share this:
حج 2020 : کرناٹک میں قرعہ اندازی ، 6243 عازمین حج کا انتخاب
حج 2020 : کرناٹک میں قرعہ اندازی ، 6243 عازمین حج کا انتخاب

کرناٹک میں حج 2020  کیلئے قرعہ اندازی عمل میں آئی ۔ ریاست کے وزیر اعلٰی یدی یورپا نے آن لائن قرعہ کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر 6243 عازمین حج کا انتخاب قرعہ کے ذریعہ ہوا جبکہ 491 عازمین کا انتخاب ریزرویشن کے زمرہ میں ہوا ۔ اس موقع پر کرناٹک ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین روشن بیگ نے حج بھون میں آڈیٹوریم اور مسجد کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ روپئے فراہم کرنے کی حکومت سے درخواست کی ، جس پر وزیر اعلی نے اپنی تقریر میں  5 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔

وزیر اعلی نے کہا کہ گلبرگہ سے سفر حج کیلئے راست پروازیں شروع کرنے کیلئے وہ مرکزی حکومت سے رجوع کریں گے۔ حج قرعہ اندازی کے موقع  پر وزیر اعلی نے شہریت ترمیمی قانون کا بھی ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون سے کسی بھی مسلمان کو تکلیف نہیں ہوگی ، اگر کسی کو تکلیف ہوتی ہے ، تو وہ اس کی ذمہ داری لیں گے۔


تقریب میں وزیر اقلیتی بہبود پربھو چوہان نے سفر حج کیلئے منتخب عازمین حج کو مبارکباد پیش کی۔ کرناٹک حج کمیٹی کے چیئرمین روشن بیگ نے کہا کہ گلبرگہ  سے اگر حج کیلئے راست پروازیں شروع ہوتی ہیں ، تو ریاست کے 6 اضلاع کے لوگوں کو اس کا فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کلبرگی  (گلبرگہ) سے راست حج کی پروازیں شروع  کرنے کیلئے پہل کریں ۔ کرناٹک اقلیتی کمیشن کے چیئرمین عبدالعظیم نے کہا کہ پچھلی کانگریس اور جے ڈی ایس کی حکومت میں اقلیتی محکمہ کے بجٹ میں 400 کروڑ کی کٹوتی کی گئی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یدی یورپا حکومت آنے والے بجٹ میں اقلیتوں کا پورا خیال رکھے گی۔




حج قرعہ اندازی کے موقع پر ریاست کے 7 اضلاع کے عازمین حج کا انتخاب بغیر قرعہ کے عمل میں آیا۔ کیونکہ ان اضلاع میں مقررہ حج کوٹہ سے بھی کم درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ  گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال کرناٹک میں حج کیلئے درخواست دینے والوں کی تعداد میں بھاری کمی آئی ہے۔ اس سال کرناٹک ریاستی حج کمیٹی کو 9823 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ سال 2019 میں 13983، سال 2018 میں 18407 اور سال 2017 میں 23486 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
First published: Jan 10, 2020 09:23 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading