گلبرگہ: دہشت گردوں سے تعلق رکھنے کے الزام میں گرفتار کئے گئے صحافی اعجاز کو جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدا لت نے اعجاز کو 10 دنوں کیلئے پولیس تحویل میں دیا۔ سخت سیکورٹی کے درمیان اعجاز کو شام تقریبا چار بجے عدالت میں پیش کیا گیا۔ اعجاز کو بیلگام سے گلبرگہ لایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ صحافی اعجاز پر تعزیرات ہند کی دفعہ 124 اے،120 بی کے تحت ملک سے بغاوت اور ملک کے خلاف سازش کرنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
اعجاز کے ساتھ ساتھ بیلگام سے گرفتار کئے گئے گلبرگہ کے ہی ایک اور نوجوان حسین علی قریشی کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ حسین علی قریشی کو بھی عدالت نے 10 دنوں کی پولیس تحویل میں دیا۔ قریشی کوبیلگام میں حساس مقامات کی ویڈیو گرافی کرتے پکڑا گیا تھا۔قریشی سے پوچھ تاچھ کی بنیاد پر ہی گلبرگہ سے اعجاز احمد کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
وہیں بنگلورو میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے مشتبہ دہشت گرد اسداللہ خان کو 8 دنوں کیلئے پولیس تحویل میں بھیج دیاگیاہے۔ بنگلورو میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے اسداللہ کو18دسمبرتک کیلئے پولیس تحویل میں دینے کے احکامات جاری کئے ۔ بنگلورو میں اسداللہ کے وکیل محمد طاہر نے یہ جانکاری دی۔
واضح رہے کہ اسداللہ کوبنگلورو اور ہبلی میں اہم شخصیات کے قتل کی سازش کے معاملے میں گرفتار کیاگیاہے۔ تقریبا9ماہ پہلے اسداللہ کو سعودی عرب میں گرفتار کیاگیاتھا۔ این آئی اے کی درخواست پر اسداللہ کو ہندوستان لایا گیا ہے۔
کل بنگلورو میں این آئی اے کی خصوصی عدالت میں اسداللہ کو پیش کیا گیا تھا۔ سال2013 میں دائر چارج شیٹ میں اسداللہ کوملزم نمبر 24 قرار دیا گیا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔