ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

یوم تاسیس تلنگانہ کی تقریب سے کے چندرشیکھر راو کا خطاب، سرکاری اسکیموں کو بتایا متاثرکن

حیدرآباد۔ تلنگانہ کی یوم تاسیس کے جشن کے موقع پر فلاحی اسکیمات کا اعلان،روایتی پریڈ ،شہیدوں کو خراج اور اہم شخصیتوں کو اعزازات دیئے گئے۔

  • UNI
  • Last Updated: Jun 02, 2018 02:58 PM IST
  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
یوم تاسیس تلنگانہ کی تقریب سے کے چندرشیکھر راو کا خطاب، سرکاری اسکیموں کو بتایا متاثرکن
تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندرشیکھرراو: فوٹو، یو این آئی۔

حیدرآباد۔ تلنگانہ کی یوم تاسیس کے جشن کے موقع پر فلاحی اسکیمات کا اعلان،روایتی پریڈ ،شہیدوں کو خراج اور اہم شخصیتوں کو اعزازات دیئے گئے۔ وسیع ترانتظامات کے دوران یہ تقاریب منائی گئیں۔ اصل تقریب سکندرآباد کے پریڈ گراونڈس پر منائی گئی جس میں وزیر اعلی کے چندرشیکھرراو نے پولیس کے جتھوں سے سلامی لی ۔ شہر میں مطلع کے ابر آلود ہونے کے باوجود عوام کی کثیر تعداد بشمول خواتین اور بچوں نے پریڈ گراونڈس سکندرآباد میں رنگارنگ تقریب میں شرکت کی ۔وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے پریڈ گراونڈس میں کھلی جیپ میں پریڈ کی سلامی لی۔ انہوں نے اس موقع پر کسانوں کے لئے پانچ لاکھ روپئے کی انشورنس اسکیم کا اعلان کیا ۔


اپنے خطاب میں وزیراعلی نے گزشتہ چار برس کی اپنی حکمرانی کے دوران بیشتر فلاحی اورترقیاتی پروگراموں کی پروگریس رپورٹ پیش کی اور ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کی جانب سے استعمال کئے جانے والے روڈ ٹریکٹرس کے روڈ ٹیکس کومعاف کردیا اورزرعی قرضوں کی بھی معافی کی گئی ۔ انہوں نے کئی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ انوکھی اسکیمات دیگر ریاستوں کے لئے مثال بن گئی ہیں۔ انہوں نے کلیانا لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات کا بھی حوالہ دیا جس کے تحت غریب خاندان کی لڑکی کی شادی کیلئے حکومت ایک لاکھ روپئے فراہم کر رہی ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ ریاست فلاحی اسکیمات میں سرفہرست ہے، وزیراعلی نے کہا کہ حکومت ہر بیڑی کے ورکر کے لئے ماہانہ ایک ہزار روپئے اور تنہازندگی گزارنے والی خواتین کو بھی ایک ہزار روپئے وظیفہ فراہم کر رہی ہے۔


وزیراعلی نے کہا کہ کسانوں کے لئے انشورنس اسکیم پر ایل آئی سی کے ذریعہ عمل کیا جائے گا اور پریمیم کی رقم حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسان کی موت کی صورت میں پانچ لاکھ روپے کے انشورنس کی رقم اندرون دس دن کسان کے خاندان کے حوالہ کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی کا شعبہ جو پیشرو حکومتوں کے دوران نظر انداز کردیا گیا تھا ،کو اولین ترجیح دی جارہی ہے اور ایک کروڑ ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ مختلف آبپاشی کے پروجیکٹس کے لئے بڑے پیمانہ پر بجٹ میں رقم الاٹ کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے کئی اسکیمات کسانوں کے مفاد میں شروع کی ہے تاکہ زراعت کو منافع بخش بنایاجائے ۔وزیراعلی نے رعیتو بندھواسکیم کا بھی حوالہ دیا جس کے ذریعہ کسانوں کو زرعی سرگرمیوں کیلئے رقم دی جارہی ہے۔ اس اسکیم کا حال ہی میں آغاز ہوا تھا۔ وزیراعلی نے اعلان کیا کہ مایوسی سے نکالتے ہوئے ریاست کو چاربرسوں میں امید سے پُر کیا گیا اور ترقی کی سمت تیز تر پیشرفت کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ دیگر ریاستوں کے افسروں اور منتخب نمائندوں کے لئے ایک ماڈل بن گئی ہے۔ تاکہ تلنگانہ ماڈل کا تجزیہ کیاجاسکے اور اس کی اسکیمات و پروگراموں پر ان کی ریاستوں میں عمل کیاجاسکے۔

انہوں نے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تلنگانہ کو ریاست کادرجہ دلانے کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والوں کو بھرپور خراج پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ چار برسوں کے دوران کئی ٹھوس قدم اٹھائے ہیں جس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ہمارے کارنامے تاحال پورے تلنگانہ کیلئے فخر کی بات بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران عوام کو درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کی گئی تھی ۔ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے پارٹی نے منشور تیار کیا ۔




First published: Jun 02, 2018 02:58 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading