ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

بنگلورو کے شیواجی نگر میں 8 جون سے کھلیں گے بازار ، تاجروں کی مئیر سے ملاقات

رضوان ارشد نے کہا کہ بازاروں کے مکمل طور پر کھولے جانے کے بعد تاجروں اور عوام کو مکمل احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ۔

  • Share this:
بنگلورو کے شیواجی نگر میں 8 جون سے کھلیں گے بازار ، تاجروں کی مئیر سے ملاقات
بنگلورو کے شیواجی نگر میں 8 جون سے کھلیں گے بازار ، مقامی ایم ایل اے رضوان ارشد کی قیادت میں تاجروں کی مئیر سے ملاقات

لاک ڈاؤن کے سبب دو ماہ کے وقفہ کے بعد بنگلورو کے مختلف علاقوں کے بازار آہستہ آہستہ کھلنے لگے ہیں ۔ شہر کے شیواجی نگر علاقے کے تمام چھوٹے اور بڑے بازار 8 جون سے کھلیں گے ۔ اس سلسلہ میں بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے نے منظوری دی ہے۔ مقامی رکن اسمبلی رضوان ارشد کی قیادت میں شیواجی نگر کے تاجروں کے وفد نے مئیر گوتم کمار جین ، بی بی ایم پی کمشنر انل کمار سے ملاقات کی ۔ اس میٹنگ میں بنگلورو سینٹرل بی جے پی کے رکن پارلیمان پی سی موہن نے بھی شرکت کی ۔


میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم ایل اے رضوان ارشد نے کہا کہ چند شرائط کے ساتھ شیواجی نگر کی تمام مارکیٹوں کو 8 جون کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ تاجروں کو چاہئے کہ وہ سماجی فاصلہ کا ہمیشہ خیال رکھیں ۔ ماسک ، سنیٹائزر اور کورونا کی وبا سے بچنے کیلئے تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے اپنے کاروبار کو انجام دیں ۔ رضوان ارشد نے کہا کہ عید سے قبل شیواجی نگر کے چاندنی چوک کے علاقہ میں کورونا کے 46 پازیٹیو کیس رونما ہوئے تھے ۔ ان میں 40 افراد صحت یاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج ہوئے ۔ باقی بچے افراد کے بھی آنے والے دو یا تین دنوں میں ڈسچارج ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب شیواجی نگر میں کورونا کی وبا پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے۔


رضوان ارشد نے کہا کہ بازاروں کے مکمل طور پر کھولے جانے کے بعد تاجروں اور عوام کو مکمل احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ۔ کیونکہ کورونا کی وبا تیزی کے ساتھ ریاست کرناٹک میں پھیل رہی ہے ۔ اس وبا سے پورے علاقے کی حفاظت کیلئے ہر شخص کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی ۔ پہلی مرتبہ ایم ایل اے منتخب ہوئے رضوان ارشد نے کہا کہ کورونا کی آڑ میں شیواجی نگر کو بدنام کرنے کی فرقہ پرست طاقتوں نے کافی کوششیں کی ۔ لیکن شیواجی نگر کے عوام نے لاک ڈاؤن کے دوران ایسی کوئی غلطی سرزد ہونے نہیں دی ، جس سے فرقہ پرست طاقتوں کو کوئی بہانہ مل سکے ۔


واضح رہے کہ بنگلورو کا شیواجی نگر علاقہ مسلمانوں کی سیاسی ، سماجی ، مذہبی اور فلاحی سرگرمیوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے ۔ بی بی ایم پی کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد شیواجی نگر کی رسل مارکیٹ ، ایوننگ بازار ، بیف مارکیٹ ، رچرڈ اسکوائر مارکیٹ ، گجری بازار ، نالا بازار ، بوٹی مارکیٹ اور دیگر تمام مارکیٹ عوام کیلئے کھلنے والے ہیں ۔ کنٹینمنٹ زون کے باہر علاقوں کے بازار چند دنوں قبل کھل چکے ہیں ۔

رسل مارکیٹ ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے صدر ادریس چودھری نے کہا کہ مارکیٹ کو کھولنے سے پہلے بی بی ایم پی نے سنیٹائزیش ، پاکی صفائی کروانے کا بھروسہ دیا ہے ۔ بیف مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ تاجروں اور شیواجی نگر آنے والے عوام کو کسی طرح کی تکلیف نہ ہو ، اس سلسلے میں بی بی ایم پی اور عوامی نمائندے خاص توجہ دیں ۔ شیواجی نگر کے بی بی ایم پی کارپوریٹر شکیل احمد اور دیگر نے بھی میٹنگ میں حصہ لیا ۔ شیواجی نگر سے جڑے چند دیگر مسائل پر بھی گفتگو ہوئی ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jun 03, 2020 01:00 AM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading