ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

کنڑا فلم انڈسٹری میں منشیات کا جال ، دو اداکارائیں سمیت 8 افراد گرفتار

سینڈل ووڈ کے نام سے مشہور کنڑا فلم صنعت منشیات کے دلدل میں پھنستی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اس فلم انڈسٹری کی دو مشہور اداکارائیں راگنی اور سنجنا اب پولیس کی گرفت میں ہیں ۔ اس پورے معاملے میں دو اداکارائیں سمیت 8 افراد کی اب تک گرفتاری عمل میں آچکی ہے۔

  • Share this:
کنڑا فلم انڈسٹری میں منشیات کا جال ، دو اداکارائیں سمیت 8 افراد گرفتار
کنڑا فلم انڈسٹری میں منشیات کا جال ، دو اداکارائیں سمیت 8 افراد گرفتار

بنگلورو : سینڈل ووڈ کے نام سے مشہور کنڑا فلم صنعت منشیات کے دلدل میں پھنستی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اس فلم انڈسٹری کی دو مشہور اداکارائیں راگنی اور سنجنا اب پولیس کی گرفت میں ہیں ۔ اس پورے معاملے میں دو اداکارائیں سمیت 8 افراد کی اب تک گرفتاری عمل میں آچکی ہے۔ ان گرفتاریوں کے بعد کنڑا فلم صنعت دہل گئی ہے ۔ منشیات کے کاروباریوں سے فلمی اداکاراوں کے تعلقات ، رات بھر چلنے والی چکا چوند اور گلیمرس پارٹیوں میں اداکاراوں کی شرکت ، نشیلی ، رنگینی ، عیش و عشرت کی پارٹیوں کے پس پشت ڈرگس کی تجارت ، سلیبریٹیز میں منشیات کی لت اور اس طرح کے کئی پہلو ابھر کر سامنے آرہے ہیں ۔


کنڑا فلم صنعت کی رنگین دنیا میں منشیات کا جال آخر کیوں اور کیسے پروان چڑھنے لگا ؟ فلمی دنیا کے نشیلی دنیا سے کیسے تعلقات بنے ؟ بنگلورو کی حسین راتوں میں ہونے والی ہائی اینڈ پارٹیوں تک ڈرگس کیسے پہنچ رہی تھی ؟ ، ان پارٹیوں میں رئیس زادوں کے شوق نشہ کو کون پورا کررہا تھا؟۔ جوانی کے جوش میں ہوش کھونے والے لڑکے اور لڑکیوں کے ڈرگس کے عادی بننے کی خبریں تو سننے میں آیا کرتی تھیں ، لیکن ان تمام باتوں کے ثبوت پولیس کے ہاتھ کیسے لگے؟  یہ وہ سوالات ہیں جن پر ان دنوں کرناٹک بھر میں خوب بحث ہورہی ہے ۔


دراصل معاملہ کچھ یوں ہے کہ مرکز کے ادارے این سی بی ( نارکوٹیکس کنڑول بیورو) نے حال ہی میں بنگلورو، ممبئی اور دہلی میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے بیرونی ممالک سے حاصل کی گئی نشیلی گولیاں ضبط کی تھیں ۔ اس دوران بنگلورو میں این سی بی کی کارروائی میں چند گرفتاریاں ہوئی تھیں ۔ ان ملزمین نے کنڑا کے چند اداکاروں اور موسیقاروں کو بھی نشیلی گولیاں سپلائی کرنے کی بات کا انکشاف کیا تھا ۔ اس کے بعد بنگلورو میں موجود سی سی بی( سینٹرل کرائم برانچ) کی پولیس حرکت میں آگئی ۔ این سی بی سے حاصل سراغ کی بنیاد پر بنگلورو میں سرچ آپریشن شروع ہوا اور آخرکار سینٹرل کرائم برانچ کو کنڑا فلم صنعت میں موجود منشیات کے جال کا پردہ فاش کرنے میں بڑی کامیابی ملی ہے ۔


بنگلورو میں گزشتہ چند دنوں سے ملزمین کے گھروں پر چھاپہ اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔  4 ستمبر 2020 کو سی سی بی نے اداکارہ راگنی دیویدی کو گرفتار کیا ۔ راگنی کی گرفتاری سے ایک دن قبل روی شنکر (راگنی کا دوست)، رئیل ایسٹیٹ تاجر راہل شیٹی کی گرفتاری عمل میں آئی ۔ منشیات کے اس سنسنی خیز معاملے میں عیش و عشرت کی پارٹیاں منعقد کرنے والے ویرن کھنہ کو پولیس نے 4 ستمبر کو نئی دہلی میں گرفتار کیا ۔ اس دوران سی سی بی کو ایک اور بڑی کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب افریقہ کے ڈرگ پیڈلر ( نشیلی اشیاء سپلائی کرنے والا) لوم پیپر سامبا کو پولیس نے بنگلورو میں گرفتار کیا ۔ سی سی بی نے اس معاملے میں دو اور ملزمین نیاز اور پرشانت رنکا کو بھی گرفتار کیا ہے ۔

8 ستمبر کو سی سی بی نے کنڑا کی مشہور اداکارہ سنجنا گلرانی کو گرفتار کیا ہے ۔ آج صبح سویرے ہی بنگلورو کے اندرا نگر میں موجود سنجنا گلرانی کے گھر پر چھاپہ مارتے ہوئے سی سی بی پولیس نے دو  موبائل فون ، لیپ ٹاپ ، پین ڈرائیو ضبط کئے ہیں ۔ سینڈل ووڈ سے وابستہ اس پورے معاملے میں اب تک 8 گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مزید گرفتاریاں ہوسکتی ہیں ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Sep 08, 2020 11:44 PM IST