ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

کورونا سے حفاظت کیلئےعبادت گاہوں میں کئے گئے احتیاطی اقدامات پر کرناٹک اقلیتی کمیشن نے کیا اطمینان کا اظہار

اقلیتی کمیشن کے چیئرمین عبدالعظیم نے تمام عبادت گاہوں میں کئے گئے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی مقامات میں حکومت کی ہدایات کے مطابق احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں ۔

  • Share this:
کورونا سے حفاظت کیلئےعبادت گاہوں میں کئے گئے احتیاطی اقدامات پر کرناٹک اقلیتی کمیشن نے کیا اطمینان کا اظہار
کورونا سے حفاظت کیلئےعبادت گاہوں میں کئے گئے احتیاطی اقدامات پر کرناٹک اقلیتی کمیشن نے کیا اطمینان کا اظہار

کورونا کی وبا کے درمیان مختلف مذاہب کے لوگ اپنی اپنی عبادت گاہوں کا رخ کررہے ہیں ۔ 8 جون سے حکومت نے مندروں ، مسجدوں ، چرچوں اور تمام عبادت گاہوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے ۔ کرناٹک ریاستی اقلیتی کمیشن کے وفد نے بنگلورو میں مسجد ، مند ر، چرچ اور گرودوارہ کا دورہ کیا۔ ان مذہبی مقامات میں عوام کیلئے کئے گئے حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کا جائزہ لیا ۔ اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اور سابق پولیس افسر عبدالعظیم کی قیادت میں کمیشن کا وفد سب سے پہلے شہر کی سٹی جامع مسجد پہنچا ۔ جامع مسجد کے گیٹ میں نصب کئے گئے سنیٹائزر ٹنل کا معائنہ کیا ۔ نماز کے وقت صفوں  کے درمیان قائم کئے گئے سماجی فاصلے اور دیگر انتظامات کا اقلیتی کمیشن نے جائزہ لیا ۔ کورونا سے مصلیوں کی حفاظت کیلئے اختیار کئے گئے احتیاطی تدابیر پر اقلیتی کمیشن نے جامع مسجد کمیٹی کی ستائش کی ۔


سٹی جامع مسجد کے بعد اقلیتی کمیشن نے جین اور سکھ مذہب کی مرکزی عبادت گاہوں کا دورہ کیا اور یہاں بھی سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی اقدامات کے ساتھ جاری سرگرمیوں کا بغور معائنہ کیا ۔ اقلیتی کمیشن نے مذہب کے رہنماؤں سے تبادلہ خیال کیا اور حکومت کی ہدایتوں پر پوری طرح عمل کرنے کی اپیل کی ۔


بنگلورو کے شیواجی نگر میں واقع سینٹ مری چرچ میں بھی اقلیتی کمیشن کے وفد نے کافی وقت گزارا اور یہاں کے پادری مارٹن کمار اور دیگر سے گفتگو کی ۔ فادر مارٹن کمار نے کہا کہ فی الوقت چرچ میں عقیدت مند انفرادی طور پر عبادتیں کررہے ہیں ۔ اجتماعی طور پر عبادت کا سلسلہ ابھی شروع نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چرچ میں سماجی فاصلے کا پوری طرح خیال رکھا گیا ہے ۔ درجہ حرارت کی جانچ اور سنیٹائزر کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔




سینٹ مری چرچ کے احاطے میں نیوز 18 اردو سے بات کرتے ہوئے اقلیتی کمیشن کے چیئرمین عبدالعظیم نے تمام عبادت گاہوں میں کئے گئے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی مقامات میں حکومت کی ہدایات کے مطابق احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ لوگ بھی ماسک پہن کر اور مکمل احتیاط کے ساتھ عبادت گاہوں میں داخل ہورہے ہیں ۔ عبدالعظیم نے کہا کہ لوگوں میں ایک ڈسپلین دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ کورونا کی خطرناک وبا کے دوران لوگوں میں مثبت تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔

اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اور  بی جے پی اقلیتی مورچہ کے ریاستی صدر عبدالعظیم نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یدی یورپا نے کورونا سے عوام کی حفاظت کیلئے ہر ممکن کوششیں کی ہیں ۔ عوام بھی وزیراعظم اور وزیر اعلی کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل کررہے ہیں ۔ عبدالعظیم نے کہا کہ کورونا وبا کے خلاف جاری لڑائی میں ہندو ، مسلم ، سکھ اور عیسائی سب متحد دکھائی دے رہے ہیں ۔ تمام مذاہب لوگ اپنی اپنی عبادت گاہوں میں کورونا کے خاتمہ کیلئے ، انسانیت کی بقا کیلئے اور امن و سلامتی کیلئے دعائیں مانگ رہے ہیں ۔ اقلیتی کمیشن کے اس وفد میں سکریٹری انیس سراج ، اقلیتی محکمہ کے سابق افسر نثار احمد اور کمیشن کا عملہ شامل تھا ۔
First published: Jun 09, 2020 11:57 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading