ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

کورونا سے فوت ہو نے والوں کی تجہیز و تکفین سے انکار پر کرناٹک وقف بورڈ نے قبرستانوں کے متولیوں کیلئے جاری کئے آرڈرس

ریاست میں کچھ ایسی شکایات سامنے آ رہی ہیں کہ مسلم قبرستانوں کے متولی کورونا سے فوت ہونے والوں کو قبرستان میں تدفین کی اجازت نہیں دے رہے ہیں اور تعاون نہیں کر رہے ہیں۔

  • Share this:
کورونا سے فوت ہو نے والوں کی تجہیز و تکفین سے انکار پر کرناٹک وقف بورڈ نے قبرستانوں کے متولیوں کیلئے جاری کئے آرڈرس
کرناٹک وقف بورڈ نے قبرستانوں کے متولیوں کیلئے جاری کئے آرڈرس

بنگلورو۔ کرناٹک میں کورونا اپنے شباب پر ہے۔ ہر ضلع کورونا سے متاثر ہے۔ اموات کا سلسلہ بھی تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔کووڈ۔ انیس سے مرنے والوں میں ہر مذہب کے لوگ شامل ہیں۔ ایسے میں کچھ شکایات سامنے آ رہی ہیں کہ مسلم قبرستانوں کے متولی کورونا سے فوت ہونے والوں کو قبرستان میں تدفین کی اجازت نہیں دے رہے ہیں اور تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ اس طرح کی خبروں کا کرناٹک وقف بورڈ نے سخت نوٹس لیا ہے۔ اس ضمن میں بورڈ نے ایک سرکلر جاری کیا ہے۔ سرکلر میں وقف بورڈ نے اسلامی تعلیمات اور عقائد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ " باعزت طریقے سے تدفین ہونا متوفی شخص کا حق ہے۔ اسلامی تعلیمات میں بھی تجہیز و تکفین کو احترام سے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ نماز جنازہ کو فرض کفایہ قرار دیا گیا ہے"۔


کرناٹک وقف بورڈ کا کہنا ہے کہ ایسے میں اگر کوئی مسلم قبرستان چاہے وہ وقف ہو یا نہ ہو، اس کے متولی، انتظامیہ، کمیٹی یا کوئی بھی ذمہ دار کووڈ کے متوفیوں کو باوقار طریقے سے تدفین کرنے سے روکتے ہیں تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ آئی پی سی اور وقف ایکٹ انیس سو پنچانوے کے تحت متولی،انتظامیہ یا کمیٹی کو فوری اثر کے ساتھ برخواست کر دیا جائیگا۔ ریاستی وقف بورڈ نے اس آرڈر کو نافذ کرنے کیلئے وقف آفیسرس، ضلعی وقف مشاورتی کمیٹی کو ہدایات جاری کی ہیں۔تمام مسلم قبرستانوں کے ذمہ داران تک اس پیغام کو پہنچانے کی ہدایت دی ہے۔


بورڈ نے اپنے سابقہ سرکلر میں بھی صاف الفاظ میں قبرستانوں کے متولیوں کو اس تعلق سے خبردار کیا تھا۔ کووڈ۔ انیس سے فوت ہونے والوں کی تجہیز و تکفین کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ وقف آفیسر کو نوڈل آفیسر کے طور پر تقرر کیا تھا۔ ساتھ ہی ضلع کے ڈپٹی کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے عدم تعاون کرنے والے متولیوں اور کمیٹیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی درخواست کی تھی۔ بورڈ نے کووڈ سے فوت ہونے والوں کی تجہیز و تکفین کیلئے با ضابطہ ایک اسٹینڈرڈ آپریشن پروسیجر بھی بنایا ہے تاکہ متوفیوں کی لاشوں کی کوئی بے حرمتی نہ ہو۔

Published by: Nadeem Ahmad
First published: Jul 17, 2020 09:46 AM IST