ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

کرناٹک : ملک میں پہلی مرتبہ وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا قیام ، اشرف الحسن بنے ڈائریکٹر

ملک میں پہلی مرتبہ اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ "وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ" کا ریاست کرناٹک میں قیام عمل میں آیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے 30 ستمبر 2020 کو حکم نامہ جاری کرتے ہوئے اس ادارے کو تشکیل دیا ہے ۔ سینئر افسر اشرف الحسن کو اس انسٹی ٹیوٹ کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔

  • Share this:
کرناٹک : ملک میں پہلی مرتبہ وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا قیام ، اشرف الحسن بنے ڈائریکٹر
کرناٹک: ملک میں پہلی مرتبہ وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا قیام ، اشرف الحسن بنے ڈائریکٹر

ملک میں پہلی مرتبہ اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ "وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ" کا ریاست کرناٹک میں قیام عمل میں آیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے 30 ستمبر 2020 کو حکم نامہ جاری کرتے ہوئے اس ادارے کو تشکیل دیا ہے ۔ سینئر افسر اشرف الحسن کو اس انسٹی ٹیوٹ کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ بنگلورو کے حج بھون میں وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا مستقل دفتر قائم کیا گیا ہے۔ کرناٹک ریاستی وقف بورڈ اور وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے تحت بنگلورو کے نجی ہوٹل میں آج سے دو روزہ ورکشاپ منعقد کیا گیا ہے۔ اس ورکشاپ میں وقف بورڈ کے موجودہ اور وظیفہ یاب افسروں کی نگرانی میں وقف ٹریننگ کیلئے درکار مواد تیار کیا جارہا ہے، جسے بعد میں نصاب کی شکل دی جائے گی۔


اس موقع پر وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے نئے ڈائریکٹر اشرف الحسن نے کہا کہ کرناٹک میں پہلی مرتبہ وقف امور کی انجام دہی کیلئے ایک خصوصی تربیتی ادارہ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں 30 ہزار سے زائد وقف ادارے موجود ہیں۔ ان اداروں میں خدمات انجام دینے والے متولیان ہوں، ملازمین ہوں یا اراکین ہوں ان تمام احباب کیلئے تربیت کی ضرورت شدت کے ساتھ محسوس کی جارہی تھی۔ گزشتہ کئی سالوں سے وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے جدوجہد جاری تھی۔ اب اس ادارے کا وجود عمل میں آیا ہے۔


اشرف الحسن نے کہا کہ ان کے لئے یہ اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ حکومت نے انہیں اس ادارے کا ڈائریکٹر مقرر کیا ہے ۔ اشرف الحسن نے کہا کہ وقف ٹریننگ شروع کرنے سے پہلے ٹریننگ دینے کا کیا طریقہ ہونا چاہئے، کس طرح کا مواد مرتب کیا جانا چاہئے ، وقف امور کے ماہرین کی نشاندہی ، ٹریننگ کے عنوانات، ٹریننگ کیلئے درکار ٹکنالوجی اور انفراسٹرکچر اور اس طرح کی تمام تیاریوں کیلئے خصوصی اجلاس اور ورکشاپ منعقد کئے جائیں گے ۔ ٹریننگ کی تیاریاں مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ شروع ہوگا ۔


اشرف الحسن نے کہا کہ یہ تربیت نہ صرف اقلیتی اور وقف محکمہ کے عملے اور وقف کمیٹیوں کے عہدیداروں کیلئے ہوگی بلکہ ہر اس شخص کو یہ تربیت دی جائے گی جو وقف سے دلچسپی رکھتا ہو ۔ وقف کا تصور کیا ہے، کس طرح وقف کا آغاز ہوا، وقف کی ملکیت، اس کی اہمیت اور ضرورت، وقف اراضی کی کس طرح حفاظت کی جائے، وقف ملکیت کو کیسے ترقی پرلے جایا جائے، وقف اداروں کے ذریعہ ملک اور ملت کی کس طرح خدمت انجام دی جاسکتی ہے ، اس طرح کے تمام پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے منظم طریقے سے تربیت کا آغاز کیا جائے گا ۔ اشرف الحسن نے کہا کہ وہ اس ٹریننگ کے ذریعہ ریاست بھر میں وقف وارئرس تیار کرنا چاہتے ہیں ۔

بنگلورو کے حج بھون میں وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا مستقل دفتر قائم کیا گیا ہے۔
بنگلورو کے حج بھون میں وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا مستقل دفتر قائم کیا گیا ہے۔


کرناٹک ریاستی وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر محمد یوسف نے کہا کہ مسلمانوں میں وقف کی اہمیت کے سلسلے میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ عام لوگوں میں وقف کی جانکاری نہ کے برابر ہے ۔ یہاں تک کہ کئی لوگ وقف اداروں، وقف کمیٹیوں کے ممبرز بن جاتے ہیں ، لیکن انہیں اپنی ذمہ داریوں، وقف کے قوانین کے متعلق جانکاری نہیں رہتی ۔ محمد یوسف نے کہا کہ اس کمی کو دور کرنے میں وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اہم رول ادا کرے گی ۔ کرناٹک ریاستی وقف بورڈ کے خصوصی افسر مجیب اللہ ظفاری نے کہا کہ ریاست میں وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کی تجویز پہلی مرتبہ سابق وزیر اقلیتی بہبود، حج اور اوقاف  ممتاز علی خان کے دور میں اس وقت کی ریاستی حکومت کو  پیش کی گئی تھی۔ اس کے بعد کئی مرتبہ یہ تجویز حکومت کے سامنے رکھی گئی لیکن اس پر غور نہیں ہوا۔ آخرکار سابق وزیر اعلی سدارامیا کے دور میں اس وقت کے وزیر اقلیتی بہبود، حج اور اوقاف تنویر سیٹھ کی کوشش سے یہ تجویز منظور ہوئی۔ سال 2017-18 کے بجٹ میں وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے 3 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔

مجیب اللہ ظفاری نے کہا کہ اس ادارے کیلئے منظوری اور فنڈز  مختص کرنے کے باوجود حکومتوں میں تبدیلی، چند دیگر رکاوٹوں کی وجہ سے یہ ادارہ قائم نہیں ہو پایا۔ لیکن اقلیتی محکمہ کے سکریٹری ابراہیم اڈور کی خصوصی دلچسپی اور  مسلسل کوششوں کے بعد موجودہ ریاستی حکومت نے احکامات جاری کئے ۔ اس طرح طویل جد وجہد کے بعد وقف کا ایک نیا ادارہ وجود میں آیا ہے ۔ وقف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کیلئے حکومت نے ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کا پوسٹ منظور کیا ہے ۔ وقف بورڈ کے عملہ کے تعاون سے یہ نیا ادارہ اپنی خدمات انجام دے گا ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Oct 03, 2020 11:25 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading