ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

’کے سی آر شہریت قانون کے خلاف اسمبلی میں قرارداد کے علاوہ سپریم کورٹ میں بھی پٹیشن داخل کریں‘

سی اے اے اور این پی آر کے خلاف احتجاج کرنے والے ایکٹوسٹس چاہتے ہیں کہ حکومت قرارداد میں سی اے اے کے ساتھ این آر سی اور این پی آر کو بھی شامل کرے۔

  • Share this:
’کے سی آر شہریت قانون کے خلاف اسمبلی میں قرارداد کے علاوہ سپریم کورٹ میں بھی پٹیشن داخل کریں‘
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراو: فائل فوٹو، پی ٹی آئی

حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ کی حکمراں جماعت تلنگانہ راشٹر سمیتی نے پارلیمنٹ میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف ووٹ دیا تھا- بل کے ایکٹ میں تبدیل ہونے کے بعد اس پر عوامی بے چینی کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے اس سلسلہ میں اپنا موقف پیش کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا تھا اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی یقین دلایا تھا کہ سی اے اے کے خلاف اسمبلی میں قرار داد منظور کی  جائے گی۔ تلنگانہ کابینہ کے اجلاس میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکز سے یہ درخواست کی گئی کہ اس قانون سے دستبرداری اختیار کی جائے۔


سی اے اے اور این پی آر کے خلاف احتجاج کرنے والے ایکٹوسٹس چاہتے ہیں کہ حکومت  قرارداد میں سی  اے  اے کے ساتھ  این آر سی اور این پی آر کو بھی شامل کرے  اور بجٹ سیشن میں قرارداد کی منظوری کے اقدام کے علاوہ تلنگانہ حکومت کو چاہیے کہ وہ کیرالہ کی طرح سی اے اے کے خلاف  سپریم کورٹ سے رجوع ہو۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے لیڈر اور رکن ریاستی وقف بورڈ وحید احمد کو یقین ہے کہ نہ صرف سی اے اے کے خلاف اسمبلی میں قرارداد پیش ہو گی بلکہ اس کے بعد وزیر اعلیٰ ریاست میں این پی آر کے عمل کو بھی رکوانے کے اقدامات کریں گے۔


لیکن تجزیہ نگار اور سینئر صحافی اطہر معین کا ماننا ہے کہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ ایک ہوشیار سیاست داں ہیں۔ اسمبلی میں سی اے اے کے خلاف قرارداد کی منظوری پر تو کسی کو کوئی شک نہیں ہے لیکن ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ کے سی آر کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے مرکز کے ساتھ ان کے تعلقات خراب ہوں۔ تلنگانہ اسمبلی کا اجلاس 20 مارچ  تک جاری رہے گا۔ توقع ہے کہ سی اے اے کے خلاف قرارداد جاری اجلاس کے آخری دن دونوں لیجیسلیٹو اسمبلی اور لیجیسلیٹو کونسل میں پیش کی جائے گی۔


 
First published: Mar 12, 2020 06:02 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading