بنگلورو۔ پڈوچیری کی لیفٹیننٹ گورنر کرن بیدی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے تئیں اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ جب تک مسٹر مودی ملک کو ترجیح دیتے رہیں گے، تب تک وہ ان کے ساتھ رہیں گی۔ سکرم الائنس کی طرف سے منعقد ایک پروگرام میں محترمہ بیدی نے کہا، ’’میں اس وقت تک مسٹر مودی کی حمایت کرتی رہوں گی جب تک وہ ملک کو ترجیح دیں گے اور اگر آئندہ وزیر اعظم بھی ملک کی خوشحالی اور ترقی چاہتے ہیں تو میں ان کی بھی حمایت کروں گی۔‘‘۔
انہوں نے کہا ،’’ہم ایک مقصد کی تکمیل کے لئے پیدا ہوتے ہیں اور ہمیں کس راستے سے اپنے ہدف کو پورا کرنا ہے اس کی طاقت بھی ہمیں حاصل ہوتی ہے۔ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ کس طرح اپنے مقصد تک پہنچنا ہے‘‘۔ پڈوچیری کی لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر اب تک گزارے گئے 21 دنوں کے تجربات کا اشتراک کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکام
اور دیگر منسلک لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے سے متعدد تبدیلیاں ہوئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے دفتر کو ہر شام پانچ سے چھ بجے تک عام لوگوں کے لئے کھلا رکھتی ہیں تاکہ وہ اپنے مسائل لے کر براہ راست ان سے ملاقات کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ حفظان صحت ان کی ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب وہ کسی نالی کی خراب صورت حال دیکھتی ہیں یا نالی کے بھر جانے سے بدبو آتی رہتی ہے تو وہ اس وقت تک اس جگہ سے نہیں ہٹتیں جب تک وہ صاف نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا،’’میں حکام اور ملازمین کو کہتی ہوں کہ آئیے ہم اسی بدبو کے پاس بیٹھیں ... پھر دیکھئے کیا ہوتا ہے۔ کام فوری طور پر شروع ہو جاتا ہے۔ نالیاں صاف ہو جاتی ہیں، بدبو غائب ہو جاتی ہے۔‘‘
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔