ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

بنگلورو میں درس بخاری شریف کے موبائل ایپ کا اجراء

حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی احادیث کو پیش کرنے والی اہم ترین کتاب "بخاری شریف" کا درس اب آپ اپنے موبائل فون پر پڑھ سکتے ہیں، سن سکتے ہیں۔ جی ہاں، ملک کے آئی ٹی شہر بنگلورو میں الحکمہ کے نام سے "بخاری درس ایپ" اور سافٹ وئیر کا اجراء عمل میں آیا ہے۔

  • Share this:
بنگلورو میں درس بخاری شریف کے موبائل ایپ کا اجراء
بنگلورو میں درس بخاری شریف کے موبائل ایپ کا اجراء

بنگلورو۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی احادیث کو پیش کرنے والی اہم ترین کتاب "بخاری شریف" کا درس اب آپ اپنے موبائل فون پر پڑھ سکتے ہیں، سن سکتے ہیں۔ جی ہاں، ملک کے آئی ٹی شہر بنگلورو میں الحکمہ کے نام سے "بخاری درس ایپ" اور سافٹ وئیر کا اجراء عمل میں آیا ہے۔ دارالعلوم سبیل الرشاد کے ایوان علامہ ابوالسعود احمد میں منعقدہ تقریب میں کرناٹک کے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی نے اس ایپ کا اجراء کیا۔ اس موبائل ایپ میں ریاست کرناٹک کے امیر شریعت دوم مولانا مفتی محمد اشرف علی باقوی رحمۃ اللہ علیہ کے دروس بخاری شریف کو انہیں کی زبان میں پیش کیا گیا ہے۔


سال 2017 میں اس دارفانی سے کوچ کر گئے مولانا مفتی محمد اشرف علی جنوبی ہند کی معروف دینی درس گاہ دارالعلوم سبیل الرشاد کے مہتمم تھے۔ آپ نے 50 سال تک رشادی علماء کو بخاری شریف پڑھائی۔  1998 میں بنگلورو کے انجنئیر محمد ابراہیم نے دارالعلوم سبیل الرشاد کے کلاس روم میں جماعت ہفتم کے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے دئے گئے مولانا مفتی محمد اشرف علی کے درس بخاری کو مکمل طور پر ریکارڈ کیا تھا۔ 103 آڈیو کیسٹ میں یہ آڈیو ریکارڈنگ محفوظ تھی۔ اب 22 سال کے وقفہ کے بعد درس بخاری کی یہ نایاب آڈیو ریکارڈنگ موبائل ایپ اور سافٹ وئیر کی شکل میں منظر عام پر آئی ہے۔ اس موبائل فون ایپ کو سافٹ وئیر ٹکنالوجی کے ماہر سید افسر قادری نے مرتب کیا ہے۔ جبکہ اس قیمتی آڈیو ریکارڈنگ کو حافظ ایل محمد فاروق نے سافٹ وئیر میں تبدیل کیا ہے، جسے بغیر انٹرنیٹ کے کمپیوٹر پر پڑھا اور سنا جاسکتا ہے۔ بخاری شریف میں موجود ترتیب کے مطابق ہی اس سافٹ وئیر اور موبائل فون ایپ کو تیار کیا گیا ہے۔


حافظ ایل محمد فاروق نے کہا کہ اس سافٹ وئیر میں پہلے کتابوں کی فہرست فراہم کی گئی ہے۔ اس کے اندر باب اور باب کے اندر موجود حدیثوں کو ایک کے بعد ایک پیش کیا گیا ہے۔حدیث کا متن عربی تحریر میں موجود ہے، تلاوت حدیث ایک عرب کی آواز میں پیش کی گئی ہے اور اردو تشریح حضرت مفتی محمد اشرف علی کے خاص اور منفرد انداز میں موجود ہے۔ موبائل فون ایپ کو مرتب کرنے والے سید افسر قادری نے کہا کہ ایپ کو استعمال کیلئے آسان بنایا گیا ہے۔ موثر طریقے سے مفتی صاحب کے مکمل درس کو پیش کیا گیا ہے۔ دوران مطالعہ اگر کسی کو کوئی سوال کرنا ہو یا وضاحت طلب کرنا ہو تو موبائل فون کے ایپ میں ایک کالم موجود ہے جہاں صارفین اپنا سوال لکھ سکتے ہیں اور دارالعلوم سبیل الرشاد کے اساتذہ ان سوالات کے جوابات ایپ کے ذریعہ دے سکتے ہیں۔ اس طرح یہ ایپ آن لائن دینی تعلیم کا بھی اہم ذریعہ ثابت ہو  سکتا ہے۔


اس ایپ کے اجراء کے موقع پر ریاست کرناٹک کے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی نے کہا نہ صرف دینی مدارس کے طلبہ، علماء کرام بلکہ عوام بھی اس  ایپ اور سافٹ وئیر سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ مولانا صغیر احمد رشادی نے کہا کہ قرآن پاک کے بعد رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی سنتوں پر ہر ایک کو عمل کرنا چاہئے۔ عمل اسی وقت ہوگا جب لوگ احادیث کو پڑھیں ، سنیں اور سمجھیں۔جمعیت علماء ہند،  کرناٹک کے صدر مولانا افتخار احمد قاسمی نے کہا کہ دارالعلوم سبیل الرشاد کی تعلیم و تربیت پورے ملک اور بیرونی ممالک میں بھی مشہور رہی ہے اور اس کی مثالیں ہر طرف دی جاتی ہیں۔ خاص طور پر مفتی محمد اشرف علی جو ایک زمانے تک اس درس گاہ کے شیخ الحدیث رہے، کرناٹک کے امیر شریعت رہے، انکا درس بخاری کا انداز نرالا اور انوکھا تھا اور کافی مقبول تھا۔ اس بات کی ضرورت شدت کے ساتھ محسوس کی جارہی تھی کہ مفتی محمد اشرف علی صاحب کا درس کتابی شکل میں آئے، زبانی شکل میں منظر عام پر آئے۔

مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی نے کہا کہ آج کا دن دارالعلوم سبیل الرشاد کی تاریخ کا سنہرا دن ہے کہ بخاری شریف کے دروس کو مفتی محمد اشرف علی صاحب کی ہی آواز میں منظر عام پر لایاگیا ہے۔ بنگلورو کی سٹی جامع مسجد کے خطیب و امام اور دارالعلوم سبیل الرشاد سے فراغت حاصل کرنے والے مولانا مقصود عمران رشادی نے کہا کہ مفتی محمد اشرف علی رحمت اللہ علیہ کی طبیعت میں بہت ہی عاجزی اور انکساری تھی۔ کئی بار درخواست اور مدرسہ سے فارغ طلبہ کے بارہا اصرار کے بعد آپ نے اپنے درس کی ریکارڈنگ کی اجازت دی تھی۔ انجنئیر محمد ابراہیم نے 1998 میں مکمل درس کی آڈیو ریکارڈنگ کرتے ہوئے اسے محفوظ رکھا تھا۔ آج تمام علماء کرام، دینی مدارس کے طلبہ کیلئے خوشی کا دن ہے کہ 22 سال کے انتظار کے بعد مفتی محمد اشرف علی صاحب کا درس حدیث انہیں کی زبان میں سننے کو مل رہا ہے۔

مولانا مقصود عمران رشادی نے کہا کہ نہ صرف دینی مدارس بلکہ عصری تعلیم کے طلبہ جو انجنئیرنگ، میڈیکل اور یونیورسٹیوں میں پڑھ رہے ہیں، اس موبائل ایپ کے ذریعہ بخاری شریف کو پڑھ سکتے ہیں اور سمجھ سکتے ہیں۔ معروف عالم دین مولانا مصطفی رفاعی جیلانی اور مولانا عبدالرحیم رشیدی نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور اس کام کی ستائش کی۔اجلاس کے ایک منتظم مولانا سلیمان خان نے کہا کہ الحکمہ کے نام سے تیار کیا گیا یہ مفت ایپ گوگل پلے اسٹور میں موجود ہے، بخاری درس ٹائپ کرتے ہوئے اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Oct 12, 2020 08:43 AM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading