ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

محمود مدنی سیلاب زدگان کی مدد کے لئے پہنچے کیرالہ، ایک کروڑ روپے جاری کرنے کا کیا اعلان

مولانا مدنی نے آج صبح کایم کلم کے تباہ حال علاقے کا دورہ کیا اور اپنے ہاتھوں سے متاثرین کے درمیان ریلیف کٹس تقسیم کیے۔

  • Share this:
  • author image
    NEWS18-Urdu
محمود مدنی سیلاب زدگان کی مدد کے لئے پہنچے کیرالہ، ایک کروڑ روپے جاری کرنے کا کیا اعلان
مولانامدنی نے آج صبح کایم کلم کے تباہ حال علاقے کا دورہ کیا اور اپنے ہاتھوں سے متاثرین کے درمیان ریلیف کٹس تقسیم کیے۔

کیرالہ میں صدی کے سب سے زیادہ تباہ کن سیلاب زدگان کے لیے جمعیۃ علماء ہند نے وسیع پیمانے پر ریلیف و بازآبادکاری کا کام شروع کردیا ہے۔ جمعیۃ  کے راحتی کاموں کا جائزہ لینے اور متاثرین کا دکھ بانٹنے کے لیے  جمعیۃ  علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی اتوار کی شام کیرالہ پہنچے۔ مولانا مدنی نے آج صبح کایم کلم کے تباہ حال علاقے کا دورہ کیا اور اپنے ہاتھوں سے متاثرین کے درمیان ریلیف کٹس تقسیم کیے۔


اس موقع پرانہوں نے جمعیۃ  علماء ہند اور اس کی یونٹوں کی طرف سے سردست کیرالہ کے لیے ایک کروڑ روپے جاری کرنے کا اعلان کیا۔ نیز کرناٹک کے ساحلی ضلع کورگ سیلاب متاثرین کے لیے علیحدہ۱۵؍لاکھ روپیے جاری کیا ۔ ریلیف وراحت اور مرحلہ وار بازآبادکاری کے طور طریقوں کو منظم کرنے کے لیے مولانا مدنی کی سرپرستی میں پیر کی صبح جامعہ حسنیہ کایم کلم میں ایک مشاورتی نشست بھی منعقد ہوئی جس میں جمعیۃ  کی طرف سے کیرالہ میں ریلیف کمیٹیوں کے ذمہ داران، کیرالہ کے علمائے مدارس و مساجد بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔


میٹنگ میں گھروں کی صفائی و مرمت، الیکٹرک و پلمبنگ ورک ، دوہزار گھروں میں ضروری استعمال کے سامان اور برتن وغیرہ کی تقسیم سے متعلق فیصلے کیے گئے ۔ میٹنگ میں ابتدائی مرحلے میں پانچ سو مکانات کی تعمیر کا خاکہ بھی پیش کیا گیا ۔اس میٹنگ میں ایک ریلیف کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کے کنوینر مولانا سفیان نامزد ہوئے ۔


مولانا محمود مدنی نے سیلاب زدہ علاقے کے دورہ کے بعد کہا کہ کیرالہ میں مسلسل بارش اور ندی کی طغیانی نے جو حالات پیدا کیے ہیں وہ انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ لوگوں کی زندگیاں اجڑ گئی ہیں ، ایسی صورت حال ہے کہ کیرالہ میں دوبارہ زندگی کی آبادکاری ایک مشکل کام ہے ۔ مولانا مدنی نے جمعیۃ  علماء ہند کے کارکنان کی ستائش کی جو نہ صرف لوگوں تک اشیائے خوردنی پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کرر ہے ہیں بلکہ کشتیوں کے ذریعہ پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات بالخصوص مساجد اور مدرسوں میں ٹھہرانے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔




جمعیتہ کی طرف سے بھیجی گئی امدادی اشیا
جمعیتہ کی طرف سے بھیجی گئی امدادی اشیا

مولانا مدنی کے ہمراہ دورہ پر گئے جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ ریاست کیرالا میں ریلیف کے 3 زون بنائے گئے ہیں:(۱)ساوتھ زون کا مرکز جامعہ حسنیہ کایم کلم کو بنایا گیا ہے،جس کے ذمہ دار مولانا سفیان اور مولانا سہیل ہیں۔(۲)سنٹرل زون کا مرکزجامعہ کوثریہ آلوا(یر ناکولم ڈسٹرکٹ )کو بنایا گیا ہے جس کے ذمہ دار مولانا ابراہیم ، مولانا ز کریا، افضل سیٹھ ہیں (۳) نارتھ زون کے ذمہ دارمولانا مصعب اور مولانا مجیب ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں بازآبادکاری کے لیے پلمبر، کارپینٹر اور الیکٹریشن کی ضرورت ہے جس کی بھرپائی کے لیے کل تک کرناٹک سے 100،تامل ناڈو سے 50اور بہار سے 50 رضا کار پہنچ رہے ہیں۔

First published: Aug 27, 2018 06:47 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading