کرناٹک: عمر میں 12 سال، ڈانس میں بڑا دھمال
ورثنی کے والد پروین گوڑا کہتے ہیں کہ ماں باپ کی چھاوں میں جب اسٹیج پر اس بیٹی کے پاوں تھرکتے ہیں تو دیکھنے والے جھوم اٹھتے ہیں۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Jan 16, 2021 08:52 AM IST
عمر صرف 12 سال ہے۔ لیکن ایوارڈس اتنے کہ گننے والے تھک جائیں۔ ہنرمند ایسی کہ صرف 8 سال کی عمر میں ہی اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہو گیا۔ ہم بات کر رہے ہیں کرناٹک کے بیلاری کی 'ورثنی' کی جو ناچتی ہے تو ڈانسر ڈال کی طرح نظر آتی ہے۔ ٹی وی دیکھا تو تھم گئی۔ ننھی آنکھیں اسکرین پر جم گئیں۔ فنکاروں کی بھاو بھا گئی۔ بٹیا کو ڈانس پسند آ گیا۔ پھر کیا، بٹیا نے اپنی پسند کو اپنی پہچان بنانے کی ٹھان لی۔
سال 2016 میں اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہوا۔ 2017 میں اسے کرناٹک بیلی کرن ریاستی ایوارڈ سے نوازا گیا تو وہیں 2018 میں اسے تروپتی میں کلپ شری ایوارڈ دیا گیا۔
ورثنی کے والد پروین گوڑا کہتے ہیں کہ ماں باپ کی چھاوں میں جب اسٹیج پر اس بیٹی کے پاوں تھرکتے ہیں تو دیکھنے والے جھوم اٹھتے ہیں۔ ایسی لوچ، ایسی بھاو کہ دیکھنے والے دانتوں تلے انگلیاں دبا لیتے ہیں۔ اسے تراشنے والے گرو کو بھی اس بیٹی پر فخر ہے۔
ورثنی کے ڈانس ٹیچر ابھیشیک کا کہنا ہے کہ ہونہار کے پاوں پالنے میں ہی نظر آ جاتے ہیں۔ باپ پروین اور ماں کلیانی گوڑا کے ساتھ پورے کنبے نے اس ہونہار بیٹی کی صلاحیت کو بچپن میں ہی پہچان لیا تھا۔