ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

بنگلورو میں ایک ہفتہ کے لاک ڈاؤن کا اعلان ، 14 جولائی رات 8 بجے سے ہوگا شروع

وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے 14 جولائی بروز منگل رات 8 بجے سے 22 جولائی صبح 5 بجے تک مکمل طور پر لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ لاک ڈاؤن بنگلورو کے شہری اور دیہی علاقوں میں نافذ ہوگا ۔

  • Share this:
بنگلورو میں ایک ہفتہ کے لاک ڈاؤن کا اعلان ، 14 جولائی رات 8 بجے سے ہوگا شروع
بنگلورو میں ایک ہفتہ کے لاک ڈاؤن کا اعلان ، 14 جولائی رات 8 بجے سے ہوگا شروع

ملک کے آئی ٹی شہر بنگلورو میں کورونا کی وبا پر قابو پانے  کیلئے ایک بار پھر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے 14 جولائی بروز منگل رات 8 بجے سے 22 جولائی صبح 5 بجے تک مکمل طور پر لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ لاک ڈاؤن بنگلورو کے شہری اور دیہی علاقوں میں نافذ ہوگا ۔ تاہم اس لاک ڈاؤن کے درمیان اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی ، میڈیکل سروس اور دیگر ضروری خدمات بحال رہیں گی ۔ گزشتہ چند دنوں سے ریاست کرناٹک میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے ۔ سب سے زیادہ کیس اور اموات ریاست کے دارالحکومت بنگلورو میں رونما ہوئے ہیں ۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے حکومت نے بنگلورو کے شہری اور دیہی حدود میں ایک ہفتے کے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔


حکومت کے اس فیصلہ کا جے ڈی ایس کے لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی نے خیر مقدم کیا ہے ۔ بنگلورو میں گزشتہ گیارہ دنوں میں کورونا سے 141 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ ان گیارہ دنوں میں 12309 افراد اس مرض سے متاثر ہوئے ہیں ۔ اب تک بنگلورو میں 16862 لوگ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ 11 جولائی کی شام کو جاری ہوئے ہیلتھ بلیٹن کے مطابق کرناٹک میں کورونا سے ایک دن میں 70 اموات ہوئی ہیں اور ان میں سب سے زیادہ بنگلورو میں 23 افراد کی کورونا سے موت ہوئی ہے۔


بلیٹن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرناٹک بھر میں کورونا کے 2798 کیس درج ہوئے ہیں اور ان میں سب سے زیادہ بنگلورو میں 1533 کورونا کے نئے مریض سامنے آئے ہیں ۔ اس طرح دن بدن بنگلورو کی حالت خراب ہورہی ہے ۔ ان حالات کے پیش نظر بنگلورو کے کئی ایم ایل ایز نے شہر میں فوری طور پر لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔


شانتی نگر کے رکن اسمبلی این اے حارث اور چامراج پیٹ کے رکن اسمبلی ضمیر احمد خان اور چند دیگر ایم ایل ایز نے لاک ڈاؤن کی ضرورت پر سب سے زیادہ زور دیا تھا ۔ وزیر اعلی نے گزشتہ چند دنوں کے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے کابینہ کے وزرا اور اعلی افسران کے ساتھ  سلسلہ وار میٹنگیں کیں ۔ ساتھ ہی شہر کے تمام 28 ایم ایل ایز سے تبادلہ خیال کرنے اور ماہرین کی رائے حاصل کرنے کے بعد بنگلورو میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اہم فیصلہ لیا ہے ۔

 

فیصلہ کے بعد وزیر اعلی نے ٹویٹر کے ذریعہ یہ پیغام جاری کیا ۔ لاک ڈاون کے دوران ضروری خدمات اور سہولیات بحال رہیں گی ۔ عوام کو گھبرانے کی قطعی ضرورت نہیں ۔ وزیر اعلی نے یہ بھی کہا ہےکہ طے شدہ میڈیکل  اور پی جے کورسوں کے امتحانات جاری رہیں گے ۔ ایک ہفتہ کے لاک ڈاؤن کیلئے تفصیلی رہنمایانہ خطوط پیر کو جاری کئے جائیں گے۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jul 11, 2020 10:45 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading