کرناٹک میں عید الفطر کی نماز کو لے کر اہم فیصلہ ، امیر شریعت نے کیا یہ بڑا اعلان
کرناٹک میں عید الفطر کی نماز کو لے کر اہم فیصلہ ، امیر شریعت نے کیا یہ بڑا اعلان
امارت شرعیہ نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے دن مصافحہ اور معانقہ سے گریز کریں۔ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ رشتہ داروں ، دوست و احباب کے پاس ملاقات کیلئے جانے سے گریز کریں ۔
بنگلورو : کورونا وائرس کی وبا کے سبب ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔ کرناٹک کی ریاستی حکومت نے بھی مرکزی حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے 31 مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے فیصلے کے بعد کرناٹک کی امارت شرعیہ نے آنے والی عید کے پیش نظر مسلمانوں کیلئے ضروری ہدایات جاری کی ہیں ۔ ریاست کرناٹک کے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی کی جانب سے جاری تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مرتبہ عیدگاہوں میں عید کی نماز ادا نہیں کی جائے گی ۔ مسجدوں میں صرف 4 افراد پر مشتمل مسجد کا عملہ اول وقت میں عید الفطر کی نماز ادا کرے گا ۔
امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی نے یہ ہدایت جاری کی ہے کہ عید کے دن لوگ گھروں میں انفرادی طور پر دو یا چار رکعت چاشت کی نفل نماز ادا کرلیں ۔ امیر شریعت نے کہا ہے کہ موجودہ وبائی دور میں کسی بھی قسم کا اجتماع نا مناسب ہے ، ان حالات میں امید ہے کہ اللہ تعالٰی سب کو نماز عید کا ثواب عطا فرمائے گا ۔
امارت شرعیہ نے مسلمانوں سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ عید کے دن مصافحہ اور معانقہ سے گریز کریں۔ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ رشتہ داروں ، دوست و احباب کے پاس ملاقات کیلئے جانے سے گریز کریں ۔ عید کے بعد بھی سیر و تفریح کیلئے سفر نہ کریں۔ عید سے قبل صدقہ فطر ادا کریں ۔ امیر شریعت کرناٹک نے فی شخص کیلئے70 روپے صدقہ فطر کی رقم مقرر کی ہے۔ مولانا صغیر احمد رشادی نے کہا ہے کہ عید کا دن بھی دعاؤں کی قبولیت کا موقع ہوتا ہے۔ لہذا عید کے دن خوب دعاؤں کا اہتمام کریں ۔ امارت شرعیہ کرناٹک نے یہ بات بھی کہی ہے کہ عید کے بعد مذہبی عبادت گاہوں کو کھولنے کیلئے حکومت سے درخواست کی جائے گی ۔ دیگر مذاہب کے رہنماؤں کے ساتھ ملکر یہ کوششیں کی جائیں گی ۔
واضح رہے کہ حال ہی میں کرناٹک میں عید کی نماز کا معاملہ بحث کا موضوع بنا ہوا تھا ۔ سابق مرکزی وزیر سی ایم ابراہیم اور بنگلورو کے رکن اسمبلی این اے حارث نے عیدگاہوں اور مسجدوں میں عید کی نماز کیلئے اجازت دینے کے سلسلے میں وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا کو مکتوب لکھا تھا۔ لیکن اب ریاست کے امیر شریعت کی صدارت میں علما کرام نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس مرتبہ کورونا کے مرض کی وجہ سے عیدگاہوں میں عید الفطر کی نماز ادا نہیں کی جائے گی ۔ علما کرام نے یہ فیصلہ کئی اہم میٹنگوں اور طب کے ماہرین سے مشوروں کے بعد کیا ہے۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔