میسور: کرناٹک میں آئندہ ماہ کی 12تاریخ کو ہونے والے اسمبلی الیکشن کے لئے کانگریس نے کمر کس لی ہے۔ پارٹی نے انتخابی تشہیر کے لئے ملک کے بڑے لیڈروں کی فہرست تیار کرلی ہے، لیکن اسٹار پرچارکوں کی ممکنہ اس لسٹ میں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کانام نہیں ہے۔ کہا جارہا ہے کہ صحت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے سونیا گاندھی کی تشہیر کے لئے کرناٹک دورے پر نہیں جائیں گی۔
کانگریس کے اسٹار پرچارکوں کی ممکنہ لسٹ میں شرد پوار، اکھلیش یادو، تیجسوی یادو کانام شامل ہے۔ کہا جارہا ہے کہ کانگریس شرد پوار سے زیادہ ریلی کرانا چاہتی ہے۔ دراصل کرناٹک میں بڑی تعداد میں مراٹھی لوگ بھی رہتے ہیں، ایسے میں شرد پوار کی ریلی انہیں متاثر کرسکتی ہے۔ وہیں بنگلور کے آس پاس کے علاقوں میں اترپردیش اور بہار سے آئے لوگوں کی بڑی آبادی ہے، جن کی حمایت حاصل کرنے کے لئے اکھلیش یادو اور تیجسوی یادو کا سہارا لیاجارہا ہے۔
اس کے علاوہ کرناٹک میں پارٹی کے اسٹار پرچارکوں کی لسٹ میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ، سچن پائلٹ، نوجوت سنگھ سدھو، ششی تھرور، فلم اداکارہ نغمہ اور خوشبو کانام شامل ہے۔
واضح رہے کہ کرناٹک میں 12مئی کو ووٹنگ ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 15 مئی کو ہوگی۔ 224 سیٹوں میں سے سرکار بنانے کے لئے 113 سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ فی الحال برسراقتدار کانگریس کے پاس 122 سیٹیں ہیں جبکہ بی جے پی کے پاس 43 اور جے ڈی ایس کے پاس 37 سیٹیں ہیں۔ یہ الیکشن بی جے پی اور کانگریس دونوں کے لئے کافی اہم مانا جارہا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔