تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ نے مالیاتی سال 2019-20 کے لئے 1,82,017کروڑ روپے کا علی الحساب بجٹ پیش کیا۔ اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے چندرشیکھر راؤ نے کہا کہ جملہ بجٹ میں حکومت اثاثی ڈھانچوں‘ آلات کی خریداری کے لئے 32,815کروڑ روپے صرف کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ آمدنی کے مصارف 1,31,629کروڑ روپے ہیں جبکہ فاضل آمدنی کا تخمینہ 6564کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
توقع ہے کہ مالیاتی خسارہ 27,749کروڑ روپے ہوگا جو مجموعی گھریلو پیداوار کا 2.81فیصد ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے اس نے اپنی پہلی میعاد کے دوران مختلف پروگراموں پر توجہ مرکوز کی ہے۔ اُنہوں نے ریاست میں بعض مزید اختراعی اسکیمات متعارف کرنے حکومت کے امکانات کا بھی تدکرہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات جاری رہیں گی۔ حکومت انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کے مطابق نئی اسکیمات متعارف کرنے کی تجویز رکھتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ بجٹ تمام طبقات کی متوازن ترقی کا سبب بنے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں اقلیتوں کی بہبود کے لئے 2004کروڑ روپے الاٹ کئے گئے ہیں۔
آمدنی اور مصارف کے سلسلہ میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ریاست کی آمدنی کا تخمینہ 2019-20ء میں 94,776کروڑ روپے لگایا گیا ہے جبکہ 2018-19ء میں یہ عدد 72,777کروڑ روپے تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ ترقی کے لئے 1,07,302کروڑ روپے کی تجویز ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام مصارف کو اکاؤنٹنٹ جنرل سے سرٹیفائیڈ کیا گیا ہے۔ یہ مصارف 1,43,133کروڑ روپے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ نظرثانی شدہ تخمینہ کے مطابق 2018-19ء کے جملہ مصارف کا تخمینہ 1,651,857کروڑ روپے ہے ،جس میں سے 1,19,027کروڑ روپے آمدنی کے مصارف ہیں۔ 25,053کروڑ روپے اثاثی ڈھانچوں وغیرہ کے لئے خرچ کئے جائیں گے۔ جملہ منصوبہ مصارف 1,82,017کروڑ روپے ہیں۔ آمدنی کے مصارف 1,31,629کروڑ روپے‘ اثاثی ڈھانچوں و آلات کی خریداری کے مصارف 32,851کروڑ روپے ہیں۔ فاضل آمدنی 6564کروڑ روپے ہے۔ مالیاتی خسارہ 27,749کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔
بجٹ میں زراعت کے لئے 20,017کروڑ روپے‘ آبپاشی کے لئے 11,500کروڑ روپے‘ زرعی قرضوں کی معافی کے لئے 6000کروڑ روپے‘ آسرا وظائف کے لئے 12,065کروڑ روپے‘ رعیتو بیمہ اسکیم کے لئے 650کروڑ روپے‘ رعیتو بندھو اسکیم کے لئے 12,000کروڑ روپے‘ بے روزگاری الاؤنس 1810کروڑ روپے‘ ایس سی ویلفیر کے لئے 16,581کروڑ روپے‘ ایس ٹی ویلفیر کے لئے 9827کروڑ روپے‘ اقلیتوں کی بہبود کے لئے 2004کروڑ روپے اور ایم بی سی کارپوریشن کے لئے 1000کروڑ روپے الاٹ کئے گئے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔