حیدرآباد : مکرم جاہ بہادر پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت
Nizam of Hyderabad: نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر نظام ہشتم آصف جاه کو بدھ کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ۔ مکرم جاہ کا ہفتہ کو ترکی کے شہر استنبول میں انتقال ہوگیا تھا جہاں وہ کئی سال سے مقیم تھے۔
حیدرآباد : نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر نظام ہشتم آصف جاه کو بدھ کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ۔ مکرم جاہ کا ہفتہ کو ترکی کے شہر استنبول میں انتقال ہوگیا تھا جہاں وہ کئی سال سے مقیم تھے۔ شہزادہ مکرم جاہ کے جسد خاکی کو عوام کے آخری دیدار کے لیے چومحلہ پیلس میں رکھا گیا تھا ۔ انہیں آصف جاہی مقبرے میں والد کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا ۔ ان کی نماز جنازہ مکہ مسجد میں ادا کی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔
مکرم جاہ کی تدفین کیلئے تقریبا پورا شاہی خاندان حیدرآباد میں جمع ہوا ۔ شہزادہ عظمت جاہ ، شہزادی شہکیار، شہزادی نیلوفر ایلف جاہ اور شہزادہ اعظم خان بھی حیدرآباد کے آخری نظام کو الوداع کرنے کیلئے موجو تھے ۔ نیز شہزادہ مکرم جاہ کے چھوٹے بھائی میر کرامت علی مفخم جاہ بہادر بھی اپنے بھائی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے لندن سے حیدرآباد پہنچے ۔ تقریباً 48 سال قبل ازدواجی زندگی میں علاحدگی کے باوجود شہزادہ مکرم جاہ کی سابق اہلیہ شہزادی ایسرا ان کی تجہیز و تکفین کے تمام انتظامات میں سب سے آگے رہیں۔ مکرم جاہ نے 1959 میں شہزادی ایسرا سے شادی کی۔ ان کی شادی 1974 میں طلاق پر ختم ہوئی۔
قابل ذکر ہے کہ مکرم جاہ کو ان کے دادا اور ریاست حیدرآباد دکن کے ساتویں نظام میر عثمان علی خان نے 1954 میں اپنا جانشین قرار دیا تھا اور تبھی سے انہیں حیدرآباد کا آٹھواں اور آخری نظام کہا جاتا ہے۔ مکرم جاہ کی 1933 میں فرانس میں پیدائش ہوئی۔ ان کی والدہ پرنسس دُر شہوار ترکی (سلطنت عثمانیہ) کے آخری سلطان عبدالمجید دوم کی دختر تھیں۔
سال 1971 تک رسمی طور سے پرنس مکرم جاہ کو حیدرآباد کا شہزادہ کہا جاتا تھا جب تک کہ حکومت نے ان عہدوں کو ختم نہیں کردیا تھا۔ نظام میر عثمان علی خان نے اپنے پہلے بیٹے پرنس اعظم جاہ بہادر کے بجائے اپنے پوتے کو اپنا جانشین بنایا تھا۔
جانشین بننے کے بعد 1967 میں حیدرآباد کے آخری حکمراں کے انتقال پر مکرم جاہ آٹھویں نظام بنے۔ وہ شروعات میں آسٹریلیا چلے گئے تھے لیکن بعد میں ترکی میں رہنے لگے۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔