تروملا(آندھراپردیش)۔ نومنتخب نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے واضح کیا کہ جنوبی ہند کے آندھراپردیش کے ضلع نیلور سے تعلق رکھنے والے ایک معمولی کسان کے بیٹے کا ملک کے اس عظیم جلیل القدر عہدہ تک پہنچنا معمولی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کی جمہوریت کی خوب صورتی اورعوام کی محبت ہی ہے کہ ایک عام کسان کا بیٹا ملک کے اس اہم عہدہ پر فائز ہونے جا رہا ہے۔وہ نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کی ذمہ داری کے ساتھ انصاف کرنے کی کوشش کریں گے اور نئے پروٹوکول کے مطابق ہی عوام تک رسائی کی کوشش کریں گے کیونکہ ان کی سیاسی زندگی میں ہمیشہ انہوں نے عوام سے ملاقات کی ہے اور عوام کے درمیان رہے ہیں ۔ یہ ان کے لئے آکسیجن کی طرح ہے۔
نائیڈو نے آج ارکان خاندان کے ساتھ آندھراپردیش کے تروپتی کی مشہور تروملا مندر میں پوجا کی ۔ ا س موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہم عہدوں سے مستعفی ہونے پر وہ اب آزاد ہوچکے ہیں اور وہ اس نئے جلیل القدر عہدہ کے وقار کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی میں نئے باب کا آج سے آغاز ہونے جا رہا ہے اور جب اس عہدہ کے لئے ان کا نام پیش کیا گیا تو وہ کافی مضطرب ہوگئے تھے ۔ وہ اب دستور کے مطابق نئے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالیں گے جس کے لئے وہ خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ یہ ملک کے عوام ، وزیراعظم نریندرمودی اور ارکان پارلیمنٹ کی محبت ہے جس کی وجہ سے وہ اس اہم عہدہ پر فائز ہونے جا رہے ہیں کیونکہ کئی ارکان پارلیمنٹ نے سیاسی خطوط سے بالاتر ہوکر ان کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ بی جے پی کے لیڈر نہیں ہیں۔ کسی بھی پارٹی سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے اپنی وزارت اور پارٹی سے استعفی دے دیا ہے اور اندرون دو دن وہ پارلیمنٹ کی نشست سے بھی استعفی دے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون چار دن وہ اس اہم عہدہ کا حلف اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مانگے بغیر سب کچھ مل گیا ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔