آندھرا پردیش میں ٹرک۔ ٹرین ٹکر میں کانگریس ایم ایل اے سمیت 5 ہلاک

اننت پور۔ آندھرا پردیش کے اننت پور میں بنگلور-ناندیڑ ایکسپریس کی لاری سے ٹکر ہو جانے سے پانچ افراد کی موت ہو گئی۔

Aug 24, 2015 08:00 AM IST | Updated on: Aug 24, 2015 11:49 AM IST
آندھرا پردیش میں ٹرک۔ ٹرین ٹکر میں کانگریس ایم ایل اے سمیت 5 ہلاک

اننت پور۔ آندھرا پردیش کے اننت پور میں بنگلور-ناندیڑ ایکسپریس کی ٹرک سے ٹکر ہو جانے سے پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں کرناٹک کے رکن اسمبلی وینکٹیش نایک بھی شامل ہیں۔ یہ حادثہ صبح دو بج کر 10 منٹ پر ہوا۔ٹرین نمبر 16594 بنگلورو۔ناندیڑ ایکسپریس ساؤتھ ویسٹرن ریلوے کے بنگلورو ڈویژن کے دھرماورم سیکشن پر رانگےپلی اور پینوکونڈا اسٹیشنوں کے مابین کراسنگ گیٹ سے گزر رہی تھی کہ اسی وقت ایک ٹرک ٹرین سے ٹکرا گیا۔ ٹرک کا بریک فیل ہوجانے کے سبب وہ بند گیٹ کو توڑتے ہوئے ٹرین سے ٹکرا یا۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق لاری سے ٹکرانے کے بعد ٹرین کے کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے۔

حادثے میں تقریبا 25 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ اننت پور ضلع کے تینوکونڈا علاقے میں ہوا۔ ٹرین اور ٹرک کے درمیان ہوئے تصادم کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بے قابو ہوکر ریل کے بہت سے ڈبے پٹری سے ہی اتر گئے۔ مرنے والوں کی تعداد ابھی بڑھ سکتی ہے۔ اندھیرا ہونے کی وجہ سے راحت اور بچاو کام دیر سے شروع ہو سکا۔ فی الحال ٹریک کلیئر کرنے کا کام جاری ہے۔ ٹرین کے دو ڈبے ایس -1 اور ایس -2 تباہ ہو گئے ہیں۔

Loading...

حادثے میں جان گنوانے والے کانگریس ممبر اسمبلی وینکٹیش نایک کرناٹک کی شیودرگ اسمبلی حلقہ سے ممبر اسمبلی تھے۔

ریلویز کی جانب سے خصوصی ہیلپ لائن جاری

ناندیڑ ایکسپریس ٹرین حادثہ کے زخمیوں اور مرنے والوں کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے ریلویز کی جانب سے خصوصی ہیلپ لائن نمبر کی سہولت دی گئی ہے جن کی تفصیل اس طرح ہے۔ مقام واقعہ کا ہیلپ لائن نمبر97013 74062 دھرماورم کا ہیلپ لائن نمبر08559 222555 اننت پور ریلوے ہیلپ لائن نمبر 236444 08554 پرلی ہیلپ لائن نمبر 6223540 0244 بیدر ہیلپ لائن نمبر 226329 08482 بنگالورو سٹی ہیلپ لائن نمبر080.22354108- 09731666751

 

متاثرین کے لئے معاوضہ کا اعلان

ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے آندھرا پردیش کے اننت پور میں ہوئے ٹرین حادثہ میں زخمی ہونے والوں اور مہلوکین کے ورثہ کے لئے معاوضہ کا اعلان کردیا ہے۔ مسٹر پربھو نے کہا یہ بہت افسوسناک حادثہ ہے جس میں ایک ٹرک ٹرین سے ٹکرا گیا ۔ میں غم زدہ کنبوں کے دکھ میں شریک ہوں زخمی ہونے والوں اور مرنے والوں کے وارثوں کو معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوری طبی راحت پہنچائی جارہی ہے اور زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ زون کے جنرل منیجر کو جائے حادثہ جاننے کا حکم دیا گیا۔

سونیا گاندھی کا اظہار تعزیت

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بنگلور ۔نانڈیڈ ایکسپریس ٹرٰین حادثہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مرنے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ راحت اور بچاؤ کا کام بخوبی کیا جائے گا۔

Loading...