حیدرآباد: دنیا کے گوشہ گوشہ سے آئے ہوئے عازمین حج کے ساتھ ساتھ ریاست تلنگانہ کے تمام عازمین تلبیہ کی گونج میں خیموں کے شہر منیٰ کو منتقل ہوچکے ہیں‘ مکہ معظمہ سے ان کی روانگی کاسلسلہ کل شام سے ہی شروع ہوگیا تھا۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ تمام عازمین حج بخیر و عافیت ہیں۔ معلم کی طرف سے ان کو صبح میں ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا پیش کیا گیا۔ ناشتہ میں روٹی، سالن، پنیر، سیب، چائے اورکولڈ ڈرنکس پیش کئے گئے۔ بعض معلم نے عازمین حج کو ان کے بستر تک ناشتہ پہنچایا جبکہ بعض کی جانب سے ایک کشادہ ہال میں ناشتہ کا اہتمام کیا گیا۔
عازمین اپنے خیموں میں ہی نمازیں ادا کر رہے ہیں۔ گرمی کی شدت کے باعث اکثر عازمین چھتریوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم خیموں میں ایئر کنڈیشنر نصب ہیں۔ کل حج کا اہم اور اصل رکن وقوف عرفات کا ہے۔ جو حاجی بیمار اور دواخانہ میں شریک ہیں، ان کو ایمبیولنس کے ذریعہ عرفات منتقل کیا جائے گا۔ وقوف عرفات کے ساتھ ہی حج ہوجائے گا۔ مسجد نمرہ میں خطبہ حج ہوگا‘ جس کا 14 زبانوں میں ترجمہ کیا جائے گا‘، جسے دنیا بھر میں کروڑوں لوگ سن سکیں گے۔
واضح رہے کہ اسی میدان میں رسول اللہ ﷺ نے آخری خطبہ دیا تھا، جو مسلمانوں ہی نہیں بلکہ ساری انسانیت کے لئے ایک چارٹر کی حیثیت رکھتا ہے۔ تمام حجاج کرام میدان عرفات میں دن گزارنے کے بعد مزدلفہ روانہ ہوں گے اور وہاں سے کنکریاں چن کرجمرات میں شیطان کو کنکریاں ماریں گے‘ قربانی کے بعد بال نکال دیں گے اور احرام کھول دیں گے۔ حاجیوں کی صحت کی دیکھ بھال کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ حجاج کرام حج کے بعد تین دن تک منیٰ میں قیام کریں گے، شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے، اسی مدت میں طواف زیارہ کرکے پھر منیٰ واپس ہوجائیں گے۔ ان دنوں فضا تکبیر تحریمہ کی آوازوں سے گونجتی رہے گی۔ ہر سال عموماً تیس لاکھ سے زیادہ مسلمانوں کو حج کی سعادت حاصل ہوتی ہے‘ مگر اس سال صرف دس لاکھ افراد کو ہی حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
سال 2020 میں صرف سعودی عرب میں مقیم ایک ہزار افراد کو اور 2021 میں 60,000 افراد کو حج کی اجازت دی گئی تھی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ وہ خادم الحجاج سے رابطے میں ہیں اور معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ اس سال ہندوستان سے حج کمیٹی کے توسط سے56,637 عازمین اور پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے توسط سے22,600 عازمین کو حج کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔قونصل جنرل انڈیا کی جانب سے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔