کرناٹک پرسپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ: 17 باغی ممبران اسمبلی نااہل قرار، لیکن لڑ سکیں گے ضمنی الیکشن

جسٹس این وی رمن، جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس کرشن مراری کی تین رکنی بینچ نے ان نااہل قرار دئیے گئے ارکان اسمبلی کی عرضیوں پر 25 اکتوبر کو سماعت مکمل کی تھی۔

Nov 13, 2019 11:18 AM IST | Updated on: Nov 13, 2019 11:54 AM IST
کرناٹک پرسپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ: 17 باغی ممبران اسمبلی نااہل قرار، لیکن لڑ سکیں گے ضمنی الیکشن

کرناٹک کے باغی ممبران اسمبلی لڑ سکیں گے ضمنی الیکشن

نئی دہلی۔ سپریم کورٹ نے کرناٹک کے 17 باغی ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دیئے جانے والے فیصلے کو بدھ کو جائز ٹھہرایا، لیکن انہیں اسمبلی کے ضمنی انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی۔ جسٹس این وی رمن کی صدارت والی تین رکنی بنچ نے باغی ممبران اسمبلی کی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اسمبلی اسپیکر کے رمیش کمار کی طرف سے باغی ممبران اسمبلی کو نااہل ٹھہرانے کا فیصلہ درست تھا۔عدالت نے واضح کیا کہ پوری مدت کے لئے نااہل ٹھہرانے کا اسپیکر کا فیصلہ مناسب نہیں تھا۔

عدالت نے باغی ممبران اسمبلی کو اسمبلی ضمنی انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے اس معاملہ میں گزشتہ 25 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اس معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سبھی 17 نااہل ارکان اسمبلی 5 دسمبر کو ہونے والے الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔ جسٹس این وی رمن، جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس کرشن مراری کی تین رکنی بینچ نے ان نااہل قرار دئیے گئے ارکان اسمبلی کی عرضیوں پر 25 اکتوبر کو سماعت مکمل کی تھی۔

Loading...

اسمبلی اسپیکر رمیش کمار نے اسمبلی میں ایچ ڈی کمار سوامی کی اعتماد کی تجویز سے پہلے ہی 17 باغی ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دے دیا تھا۔ اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہنے پر کمار سوامی حکومت نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بی جے پی کے بی ایس یدی یورپا کی قیادت میں ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل ہوئی تھی۔ ان ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دئیے جانے کی وجہ سے 17 میں سے 15 سیٹوں کے لئے پانچ دسمبر کو ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے پہلے 21 اکتوبر کو 15 سیٹوں پر ضمنی الیکشن کرانے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں عدالت میں معاملہ زیر التوا رہنے پر اسے پانچ دسمبر تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ضمنی الیکشن کے لئے ضابطہ اخلاق 11 نومبر سے نافذ ہو گیا ہے۔

یو این آئی، اردو کے ان پٹ کے ساتھ

Loading...