غلام نبی آزاد-تاریگامی کو کشمیر جانے کی اجازت، مرکز سے ریاست کے حالات کی رپورٹ طلب

گزشتہ دنوں آزاد جب جموں و کشمیر گئےتھے تو انہیں ہوائی اڈے پر روک لیا گیا تھا اور انہیں واپس دہلی آنا پڑا تھا۔ یچوری بھی طویل عرصےسے علیل تاریگامی کو دیکھنے کے لئے جموں و کشمیر گئےتھے لیکن انہیں بھی ہوائی اڈے پر روک لیا گیا تھا اور وہ واپس بھی آگئےتھے۔

Sep 16, 2019 02:25 PM IST | Updated on: Sep 16, 2019 02:25 PM IST
غلام نبی آزاد-تاریگامی کو کشمیر جانے کی اجازت، مرکز سے ریاست کے حالات کی رپورٹ طلب

غلام نبی آزاد: فائل فوٹو

نئی دہلی۔ سپریم کورٹ نے جموں وکشمیر میں آرٹیکل 370کو ختم کئے جانے سے پیدا حالات سے متعلق مختلف عرضیوں کی پیر کو سماعت کرتے ہوئے سینئر کانگریسی لیڈر غلام نبی آزاد اور یہاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) میں علاج کرارہے مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے لیڈر محمد یوسف تاریگامی کو اپنی آبائی ریاست جانے کی اجازت دے دی ہے۔

اس کے ساتھ ہی عدالت نے مرکزی حکومت کو یہ ہدایت دی کہ وہ ریاست میں حالات معمول پرلانے کے لئے ہرممکن کوشش کرے۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس ایس اے بوبڑے اور جسٹس ایس عبدالنظیر کی بینچ نے سی پی ایم لیڈر سیتارام یچوری کی عرضی پر سماعت کے دوارن تاریگامی کی طبیعت کےسلسلے میں معلوم کیا۔ اس دوران یچوری کے وکیل راجو رام چندرن نے عدالت کو مطلع کرایا کہ تاریگامی کو کیوں حراست میں لیاگیا تھا، اس بارے میں مرکز نے کوئی وجہ پیش نہیں کی ہے۔

Loading...

گزشتہ دنوں  آزاد جب جموں و کشمیر گئےتھے تو انہیں ہوائی اڈے پر روک لیا گیا تھا اور انہیں واپس دہلی آنا پڑا تھا۔ یچوری بھی طویل عرصےسے علیل تاریگامی کو دیکھنے کے لئے جموں و کشمیر گئےتھے لیکن انہیں بھی ہوائی اڈے پر روک لیا گیا تھا اور وہ واپس بھی آگئےتھے۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے یچوری کی عرضی پر انہیں تاریگامی سے ملنے کی اجازت دی اور نظر بند تاریگامی کو یہاں علاج کرانے کی اجازت دی۔

رام چندرن نے عدالت کو بتایا کہ تاریگامی کو جموں و کشمیر بھون سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے جس کے بعد عدالت نے انہیں (تاریگامی کو)جموں و کشمیر جانے کی اجازت دے دی۔ دراصل، چیف جسٹس نے سماعت کے دوران کہا کہ  تاریگامی کی جگہ کا پتہ چل گیا ہے، ایسے میں سماعت کی جلدی کیا ہے؟

عدالت نے آزاد کو بھی اپنی آبائی ریاست جموں و کشمیر جانے کی اجازت دے دی۔

جسٹس گوگوئی نے پوچھا کہ  تاریگامی کو ابھی تک جموں و کشمیر بھون میں کیوں رکھاگیا ہے؟ اگر ان کی طبیعت ٹھیک ہے اور وہ جانا چاہتے ہیں تو انہیں کیوں روکا جارہا ہے؟

ایک دیگر عرضی کی سماعت کے دوران عدالت نے مرکزی حکومت کو ریاست کے حالات معمول پر لانے کےلئے ہر ممکن کوشش کرنے اور اس سلسلے میں دو ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔

Loading...