مساجد میں خواتین کے داخلے کا معاملہ :سپریم کورٹ نے عرضی پرسماعت سے کیا انکار
- News18 Urdu
- Last Updated: Jul 08, 2019 01:42 PM IST

مساجد میں خواتین کے داخلے کے معاملے میں داخل کی گئی عرضی پر سپریم کورٹ نے سماعت سے انکار کردیا ہے۔ یہ عرضی کیرل ہندو مہاسبھا کے صدر نے داخل کی تھی ۔ سپریم کورٹ کے مطابق کیرل ہندو مہا سبھا کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اس لئے اس معاملے میں سماعت نہیں ہوسکتی ۔اگر مسلم خواتین نے عرصی داخل کی تو غور کیاجاسکتاہے ۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں مسلمان خواتین کا مسجدوں میں داخلہ ممنوع ہے تاہم چند مسجدوں میں خواتین کی عبادات کے لیے علیحدہ جگہ مقرر کی جاتی ہے جس کا داخلی دروازہ بھی الگ ہوتا ہے۔ اس سے قبل کولکاتہ کی دو تاریخی مساجد۔ ناخدا و ٹیپو سلطان مسجد میں خواتین کی نماز کے لئے مخصوص جگہ کی مانگ برسوں سے چل رہی تھی-جسے مسجد انتظامیہ نے قبول کرلیاتھا اورخواتین کی نماز کے لئے مخصوص جگہ فراہم کی تھی۔
کولکاتہ کے علمائے کرام کا کہناہے کہ اسلامی تاریخ کے ہر دور میں عورتوں نے اس خصوصی رعایت اور سہولت کے مطابق اپنی نمازیں ادا کیں۔ چنانچہ آج ہر شخص دیکھ سکتا ہے کہ مکہ مکرمہ کی مسجد حرام میں اور مدینہ منورہ کی مسجد نبوی میں، دہلی کی جامع مسجد میں، حیدرآباد کی مکہ مسجد میں اور اس طرح کی کسی بھی بڑی مسجد میں خواتین نمازیں ادا کرتی ہیں اور اسی طرح وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنے گھروں کے اندر بھی نمازیں پڑھتی ہیں۔