طارق منصور ہوں گے علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی کے نئے وائس چانسلر

نئی دہلی۔ صدر پرنب مکھرجی نے علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی کے نئے وائس چانسلر کی حیثیت سے طارق منصور کا تقرر کر دیا ہے۔

May 04, 2017 11:27 AM IST | Updated on: May 04, 2017 11:29 AM IST
طارق منصور ہوں گے علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی کے نئے وائس چانسلر

طارق منصور اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل ہیں۔

نئی دہلی۔ صدر پرنب مکھرجی نے علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی کے نئے وائس چانسلر کی حیثیت سے طارق منصور کا تقرر کر دیا ہے۔ فی الحال ساٹھ سالہ منصور اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل کے عہدہ پر تعینات ہیں۔ طارق منصور یونیورسیٹی کے موجودہ وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل( ریٹائرڈْ) ضمیر الدین شاہ کی جگہ لیں گے۔ ضمیر الدین شاہ آئندہ سترہ مئی کو اپنے عہدہ سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ طارق منصور گزشتہ پینتیس برس سے یونیورسیٹی سے وابستہ ہیں۔

انڈین ایکسپریس ڈاٹ کام کے مطابق، اپنی تقرری پر طارق منصور نے کہا کہ مجھے اس بارے میں ابھی کچھ پتہ نہیں۔ کیونکہ حکومت کی طرف سے مجھے کوئی سرکاری خط یا حکمنامہ نہیں ملا ہے۔ بتا دیں کہ اس معاملہ میں ضمیرالدين شاہ کی صدارت میں 28 جنوری کو ایگزیکٹیو کونسل کی میٹنگ ہوئی تھی۔ اس میں نئے وائس چانسلر کے انتخاب کے لئے پانچ ناموں کا پینل تیار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد کونسل کی جانب سے تیار کئے گئے پینل پر چار فروری کو اے ایم یو کورٹ کی خصوصی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا اور تین ناموں پررضامندی ظاہر کر کے اسے صدر پرنب مکھرجی کے پاس منظوری کے لئے بھیجا گیا تھا۔

Loading...

کورٹ نے جن ناموں کو صدر کے پاس بھیجا تھا اس میں طارق منصور کے علاوہ یو ایس۔ انڈیا پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ابو صالح شریف اور ویلکم ٹرسٹ اینڈ ڈی بی ٹی انڈیا الائنس کے سی ای او شاہد جمیل کے نام بھی شامل تھے۔ لیکن پہلے سے ہی طارق منصور کا نام سب سے آگے بتایا جا رہا تھا۔

Loading...