تلنگانہ میں کے وزیراعلیٰ چندرشیکھرراؤ کی قیادت میں کام کرنے والی حکومت اردو زبان کو روزگار سے جوڑنے کے لئے اقدامات کرتی نظر آرہی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے ریاست بھر میں اردو زبان کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے اتنا ہی نہیں ٹی آر ایس حکومت نے ریاست میں ہونے والے تمام مسابقتی امتحانات کو اردو زبان میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب کے سی آر حکومت تلنگانہ میں سرکاری نوکریوں کے لیے تمام مسابقتی امتحانات کو اُردو میں بھی منعقد کروانے کے لیے ملک بھر میں اپنی طرز کے پہلے نظام کو مرتب کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کے چندشیکھرراؤ کی جاریہ اسمبلی سیشن میں اس سلسلہ میں اعلان کرسکتے ہیں- اُمید ہے ریاستی حکومت کی جانب سے اس نظام کو مرتب کرنے کے بعد ہرمسابقتی امتحان سے پہلے اُردو داں طلباء کو اُردو زبان میں بھی پرچہ کی دستیابی کیلئے نمائندگی کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔
اس سلسلے میں جب نیوز 18اردو ڈاٹ کام نے تلنگانہ میں مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ اس نظام کو مرتب کرنے کے لئے غوروخوص جاری ہے اور جلد ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا انہوں نے کہا کہ وہ کل صبح ریاستی وزیر بہبود سے ملاقات کرنے والے ہیں- تاہم اس سلسلے میں مزید تفصیلات پوچھنے پر اے کے خان نے ہمیں انتظار کرنے کا مشورہ دیا- ان کا کہنا ہے کہ تلنگانہ حکومت نے تمام محکموں میں خالی اسامیوں پر بھرتی کے لیے ہونے والے امتحانات کو اردو میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں بیشتر محکموں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے تاہم حکومت، ایک ایسا طریقہ کار یا نظام بنانے کی تیاری کر رہی ہے جس سے مستقبل میں ہونے والے تمام امتحانات کو اردو زبان میں ہی منعقد کیا جائے۔
واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے ماضی میں ریاست میں اردو افسروں کا تقرر عمل میں لایا تھا۔اردو افسروں کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ تمام سرکاری محکموں میں اردو زبان میں موصول ہونے والے عوامی میں درخواستوں کا ترجمہ کرکے اسے متعلقہ وزیر یا ضلع کلکٹر ضلع کلکٹر تک پہنچائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسابقتی امتحانات کے علاوہ ریاست میں منعقد ہونے والے انٹرنس ٹیسٹوں، جیسے ایمیسٹ ، آئی سیٹ، لاء سیٹ بھی اردو زبان میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔