بی آر ایس پارٹی سبھی مذاہب کی فلاح وبہبود اور ملک کی ترقی کے لیے کام کرے گی : محمود علی
بی آر ایس پارٹی سبھی مذاہب کی فلاح وبہبود اور ملک کی ترقی کے لیے کام کرے گی : محمود علی
ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے جمعرات کو بی آر ایس کے اقلیتی قائدین کے ساتھ نئی دہلی میں بی آر ایس کی قومی پارٹی آفس کے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
حیدرآباد : ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے جمعرات کو بی آر ایس کے اقلیتی قائدین کے ساتھ نئی دہلی میں بی آر ایس کی قومی پارٹی آفس کے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی ریاستی پارٹی سے وسعت پاتے ہوئے بی آر ایس پارٹی میں تبدیل ہوچکی ہے ۔ تاکہ آئندہ آنے والے دنوں میں ملک بھر کے انتخابات میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی کے اعلان سے ملک بھر کی سیکولر سیاسی جماعتیں اور سیکولر ذہنیت کے افراد میں خوشی کی لہر چل رہی ہے، کیونکہ دور حاضر میں مرکز کی تعصب پرست پارٹی اور ان کے قائدین کے خلاف آواز اٹھانے کی جرات کسی میں نہیں ہے۔ مگر پچھلے کئی مہینوں سےکے سی آر واحد لیڈر ہیں جو مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں اور متعصب رویہ پر بے باک بیانات کے لیے معروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سال 2014 میں مرکز میں بی جے پی اور تلنگانہ ریاست میں ٹی آر ایس پارٹی نے اقتدار سنبھالا۔ ان ساڑھے آٹھ سالوں میں تلنگانہ نے مجموعی طور پر غیر معمولی ترقی حاصل کی جبکہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی شبیہ عالم میں متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے چندرشیکھرراؤ ملک بھر کے ایک عملی سیکولر قائد ہیں جنہوں نے تلنگانہ میں تمام مذاہب کے لوگوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے یکساں مواقع فراہم کئے ہیں جن کی وجہ سے تلنگانہ کی عوام کو ترقی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بی آر ایس پارٹی تمام مذاہب کی فلاح وبہبود اور ملک کی ترقی کے لیے کام کرے گی۔ بالخصوص ملک کے کسانوں، فوجیوں، اور غریب لوگوں کی فلاح وبہبود اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کام کرے گی۔ اس موقع پر متعدد ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان مقننہ، صدور نشین، حلقہ واری ذمہ داران، پارٹی قائدین اور دیگر شریک تھے۔
بعد اذاں وزیر داخلہ محمد محمود علی نے پارٹی کے سینیر اقلیتی قائدین مسیح اللہ خاں ،عارف الدین، سبیل الدین فرید ،بدرالدین، عبدالباسط اور دیگر کے ہمراہ بارگاہِ حضرت نظام الدین اولیاء علیہ الرحمہ پر حاضری دیتے ہوئے غلاف اور پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر مخصوص دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندراشیکھر راؤ اور ان کے افراد خاندان کی صحت یابی اور درازی عمر کے لیے دعا کی گئی اور تلنگانہ ریاست کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے دعا کی ۔
نیز بی آر ایس پارٹی کی ملک بھر میں وسعت اور عظیم کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔ اور ملک بھر میں گنگا جمنی تہذیب کی برقراری اور عوام کے درمیان محبت و بھائی چارگی کے لئے بھی دعا کی گئی ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔