ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

تلنگانہ میں لاک ڈاون پرمزیدسختی سے عمل:کہیں ڈرونس کااستعمال تو کہیں گاڑیاں ضبط

لاک ڈاون کے پاسس رکھنے والوں،ایمرجنسی میڈیکل ضرورت والوں کی ہی گاڑیوں کو لاک ڈاون کے دوران جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔غیر ضروری طورپر گھروں سے نکلنے والوں کی گاڑیوں کو ضبط کیاجارہا ہے۔تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں مختلف مقامات پر لگائے گئے چیک پوسٹوں پر پولیس کی بھاری تعداد کو تعینات کیاگیا ہے۔

  • UNI
  • Last Updated: May 22, 2021 02:31 PM IST
  • Share this:
تلنگانہ میں لاک ڈاون پرمزیدسختی سے عمل:کہیں ڈرونس کااستعمال تو کہیں گاڑیاں ضبط
آج سے تلنگانہ بھر میں لاک ڈاون پر مزید سختی سے عمل

وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤکی جانب سے گذشتہ روز دی گئی ہدایت کے مطابق آج سے تلنگانہ بھر میں لاک ڈاون پر مزید سختی سے عمل کیاجارہا ہے۔لاک ڈاون کے پاسس رکھنے والوں،ایمرجنسی میڈیکل ضرورت والوں کی ہی گاڑیوں کو لاک ڈاون کے دوران جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔غیر ضروری طورپر گھروں سے نکلنے والوں کی گاڑیوں کو ضبط کیاجارہا ہے۔تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں مختلف مقامات پر لگائے گئے چیک پوسٹوں پر پولیس کی بھاری تعداد کو تعینات کیاگیا ہے۔شفٹوں میں پولیس ڈیوٹی انجام دے رہی ہے اورپولیس کی جانب سے لاک ڈاون پرسختی سے عمل کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ حیدرآباد میں جگہ جگہ بیریکڈس لگاتے ہوئے گاڑیوں کی تنقیح کی جارہی ہے۔ اسپتال جانے والوں اورجن افراد کو لاک ڈاون سے مستثنیٰ قراردیا گیا ہے انھیں بلا رکاوٹ جانے دیا جارہا ہے۔ لاک ڈاون کے سختی سے نفاذ کے نتیجہ میں ریاست میں کورونا کے معاملات میں تیزی سے کمی کے پیش نظر لاک ڈاون پر مزید سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ریاست میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات میں اضافہ کے پیش نظر وزیراعلی نے اس ماہ کی 12تاریخ کو لاک ڈاون کا نفاذ عمل میں لایاتھا تاہم اس میں اب اس ماہ کی 30 تاریخ تک توسیع کی گئی ہے۔



لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑیوں کو ضبط کرلیاجائے گا:کمشنر پولیس حیدرآباد

کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ یا لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑیوں کو ضبط کرلیاجائے گا۔کمشنر پولیس نے اس خصوص میں کئے گئے ٹوئیٹ میں کہا کہ صرف میڈیکل ایمرجنسی اور صحت سے متعلق گاڑیوں کو ہی جانے کی اجازت رہے گی۔کمشنر پولیس جو سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر سرگرم رہتے ہیں نے اس سلسلہ میں ٹوئیٹ کے ساتھ ایک ویڈیو پیام بھی جاری کیا۔اس مختصر 42سکنڈ کے تلگو اور انگریزی زبان میں بنائے گئے ویڈیو پیام کے ابتدا میں کہا گیا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی ہدایت کے مطابق لاک ڈاون میں نرمی کے اوقات صبح 6بجے تا 10بجے دن کے درمیان تمام سرگرمیوں کی اجازت رہے گی۔ساتھ ہی تمام شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 10بجے دن سے پہلے اپنے گھر پہنچ جائیں۔10بجے دن کے بعد میڈیکل ایمرجنسی گاڑیوں کے ماسواکسی دوسری گاڑی کو اجازت نہیں رہے گی۔ساتھ ہی حیدرآباد پولیس سے تعاون کی بھی خواہش کی گئی ہے۔اس ویڈیو کو اب تک کئی افراد نے دیکھا ہے۔


سوریہ پیٹ میں لاک ڈاون کے دوران ڈرونس کا استعمال

تلنگانہ کے ضلع سوریہ پیٹ میں کوویڈ کی صورتحال کے پیش نظر پولیس نے پٹرولنگ کے لئے ڈرون کیمروں کا استعمال شروع کیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجاسکے کہ لاک ڈاون پر مناسب طورپر عمل کیاجائے۔مناسب نگرانی کو یقینی بنانے کے مقصد سے پولیس سائرن کا اس میں اضافہ کیاگیا ہے۔سوریہ پیٹ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے عوام کی دہلیز تک پولیسنگ کی جارہی ہے اور عوام کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی جارہی ہے۔سوریہ پیٹ پولیس نے کہا کہ ڈرون کے ذریعہ نگرانی کے ساتھ یہ دیکھا جارہا ہے کہ لوگ گھروں سے باہر نہ نکلنے پائیں،دکانات بند رہیں،عوام جمع نہ ہوں،کسی بھی قسم کی گڑبڑ نہ ہونے پائے،لاک ڈاون کے قواعد پر مناسب عمل کیاجائے،غیرسماجی سرگرمیوں کی روک تھام کی جائے اور لااینڈآرڈر کو بہتر طور پر برقرار رکھاجائے۔ان ڈرون کیمروں میں لگائے گئے سائرن سے بھی عوام چوکس ہورہے ہیں۔
Published by: Mohammad Rahman Pasha
First published: May 22, 2021 02:19 PM IST