ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی گولہ باری، ہند - پاک افواج کے درمیان کشیدگی

پاکستان لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کی آڑ میں اس پار ملیٹنٹوں کو دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ تاہم پاکستان کی ہر کوشش کو ہندوستانی فوج ناکام بنا دیتی ہے اور پاکستان کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑتی ہے۔

  • Share this:
لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی گولہ باری، ہند - پاک افواج کے درمیان کشیدگی
لائن آف کنٹرول پر ہند - پاک افواج کے درمیان کشیدگی

کپواڑہ: جموں کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے سرحدی علاقے میں مھچل سیکٹر میں ہندوپاک فوجیوں کے مابین لائن آف کنٹرول پر ایک مرتبہ پھرگولہ باری ہوئی ہے، جس میں دونوں طرف سے زبردست فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے دیر شام گئے اچانک مھچل سیکٹر میں اس پار گولہ باری کی شروعات کی اور ہندوستانی فوج کی پکٹوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ اس دوران بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں کنٹرول لائن پر کشیدگی پیدا ہوگئی۔ چنانچہ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال فائرنگ کا ہندوستانی فوج نے بھی دندان شکن جواب دیا، جس کے نتیجے میں ہندوستانی فوج نے اس پار شدید گولہ باری کی، جس میں بھاری نقصان ہوا ہے۔ تاہم اس سلسلے میں ابھی تک مکمل تفصیلات فراہم نہیں ہوئی ہے۔


دفاعی ترجمان نے پاکستانی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیر رات تک  جاری رہنے والی اس گولہ باری کا ہندوستانی فوج منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور پاکستان کی جانب سے کی جانے والی تمام تر کوششوں اور سازشوں کا معقول جواب دیا جارہا ہے۔ دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستان گولہ باری کی آڑ میں زیادہ سے زیادہ ملیٹینٹوں کو اس پار کشمیر میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے اوراس کے نتیجے میں وہ ان ملیٹینٹوں کو فائرنگ اور گولہ باری کی آڑ فراہم کر رہا ہے۔ تاہم ہندوستانی فوج بھر پور طریقے سے جواب دے رہی ہے اور پاکستان کی ہر سازش کا ڈٹ کر جوا ب دیا جائے گا۔ دوسری جانب مھچل سیکٹر  میں سرحد پار گولہ باری کے نتیجے میں کنٹرول لائن پر زبردست کشیدگی پیدا ہوگئی ہے اور دونوں طرف سے افواج دیر رات گئے تک گولہ باری کا بھرپور جواب دے رہی تھیں۔


اس سے قبل کرناہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں بھی کنٹرول لائن پر فوج نے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوج ذرائع کے مطابق ملیٹنٹوں کا ایک گروپ دراندازی کی کوشش کررہا تھا۔ تاہم فوج نے بر وقت کارروائی کرکے ان کوشش کو ناکام بنادیا۔ انہیں للکارنے پر ملیٹنٹوں نے فوج پر فائرنگ کی۔ جوابی کارروائی میں ملیٹنٹوں کو واپس دھکیل دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فوج نے کرناہ سیکٹر میں بھی ہندوستانی فوجی پکٹوں کے ساتھ ساتھ آبادی والے علاقوں کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی، جس کے باعث اس سیکٹر میں بھی کنٹرول لائن پر کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ تاہم فوج نے ٹنگڈار سیکٹر میں بھی پاکستانی فوج کی گولہ باری کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے، جس کے باعث ان کی گولہ باری بند ہوگئی۔ واضح رہے کہ پاکستان لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کی آڑ میں اس پار ملیٹنٹوں کو دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ تاہم پاکستان کی ہر کوشش کو ہندوستانی فوج ناکام بنا دیتی ہے اور پاکستان کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑتی ہے۔

Published by: Nisar Ahmad
First published: Jul 28, 2020 11:50 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading