الہ آباد: کورونا مریضوں کے لئے مخصوص کئے گئے الہ آباد کے سب سے بڑے سر کاری اسپتال سے ایک دل دہلا دینے والا ویڈیو سامنے آیا ہے۔ اس ویڈیو میں ضلع کے سب سے بڑے سروپ رانی نہرو میڈیکل اسپتال میں ایک بزرگ مریضہ کی سیکورٹی گارڈ کی طرف سے پٹائی کرنے اور اس کو لات جوتوں سے مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں بزرگ مریضہ کی درد ناک چیخیں اسپتال کےگلیاروں میں صاف سنی جاسکتی ہیں۔ بزرگ مریضہ کو تشدد کا نشانہ بنانے والے سیکورٹی گارڈ کی پہچان سنجے مشرا کے طور پر کی گئی ہے۔
بزرگ خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کا یہ واقعہ دو دن پہلے پیش آیا تھا۔ رات کی ڈیوٹی پر تعینات سیکورٹی گارڈ نے اسپتال کے برآمدے میں موجود چلنے پھرنے سے معذور ایک بے سہارا بزرگ مریضہ کو بری طرح پیٹتے ہوئے باہرکر دیا۔ اسپتال کے ایک جونیئر ڈاکٹر نے خفیہ طور سے اس واقعے کا ویڈیو بنالیا ہے۔ اسپتال میں داخل بعض مریضوں کا کہنا ہے کہ اس پہلے بھی سیکورٹی گارڈ کئی بے سہارا مریضوں کو اپنے تشدد کا نشانہ بنا چکا ہے، لیکن اس بار اس کا یہ غیر انسانی سلوک کمیرے میں قید ہوگیا۔

سروپ رانی نہرو میڈیکل اسپتال میں ایک بزرگ مریضہ کی سیکورٹی گارڈ کی طرف سے پٹائی کرنے اور اس کو لات جوتوں سے مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں سروپ رانی اسپتال میں تعینات سیکورٹی گارڈ سنجے مشرا کو بزرگ مریضہ کو اپنے ٹھوکروں سے بری طرح مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈو وائرل ہونے کے بعد پولیس انتظامیہ حرکت میں آئی ہے۔ مقامی پولیس نے سیکورٹی گارڈ سنجے مشرا کے خلاف ایف آئی درج کرکےگرفتارکرلیا ہے۔ سیکورٹی گارڈ کے تشدد کا شکار ہونے والی بزرگ مریضہ کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ تشدد کا شکار ہونے والی خاتون کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ایس پی سنگھ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی گارڈ کا ویڈیو سامنے آنے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے اس کو معطل کر دیا ہے۔

ویڈیو میں بزرگ مریضہ کی درد ناک چیخیں اسپتال کےگلیاروں میں صاف سنی جاسکتی ہیں۔
ڈاکٹر ایس پی سنگھ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی گارڈ کے تشدد کا نشانہ بننے والی بزرگ خاتون کو اسپتال میں بھرتی کر لیا گیا ہے اور اس کاعلاج کرایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب الہ آباد کے ایس ایس پی ابھیشیک دیکشت کا کہنا ہے کہ ایس آر این اسپتال میں تعینات سیکورٹی گارڈ سنجے مشرا کو گرفتارکرلیا گیا ہے اور پولیس اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ ایس ایس پی ابھیشیک دیکشت کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس بارے میں اسپتال انتظامیہ سے مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔