حج مبارک 2019: عازمین حج کا پہلا قافلہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ، ہندوستانی عازمین کوملی بین الاقوامی سہولیات

پہلی باراندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمنل 3 سےعازمین حج روانہ ہوئے۔ پہلی فلائٹ میں 202 خواتین سمیت 419 عازمین حج روانہ ہوئے۔

Jul 04, 2019 12:00 AM IST | Updated on: Jul 16, 2019 07:57 PM IST
حج مبارک 2019: عازمین حج کا پہلا قافلہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ، ہندوستانی عازمین کوملی بین الاقوامی سہولیات

عازمین حج 2019 کا پہلا قافلہ اندرا گاندھی انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے روانہ ہوگیا۔

نئی دہلی: دارالحکومت دہلی کےاندرا گاندھی بین االاقوامی ہوائی اڈے کےٹرمنل 3 سے آج 419 عازمین حج سعودی عرب کے لئے روانہ ہوگئے ہیں، جن میں 202 خواتین عازمین بھی شامل ہے، ایسا پہلی بارہوا ہے کہ جب انٹرنیشنل فلائٹ کی روانگی کے لئے جانے والے ٹرمنل 3 سے عازمین حج سعودی عرب حج کے مقدس سفرپرروانہ ہوئے ہیں اورعازمین حج کو بین الاقوامی مسافرکو ملنے والی سہولیات دی جارہی ہیں۔ یا دوسرے لفظوں میں کہیں کہ پہلی بار عازمین حج کے ساتھ بین الاقوامی مسافر کا پروٹوکول فالو کیا گیا ہے۔

رات 11:50 بجے پہلی پرواز ان تمام عازمین حج کولے کر پرواز کرگئی۔ اس موقع پرحاجیوں کی آنکھوں میں وطن سے محبت اورملک  کی سلامتی کے جذبات دکھائی دیئے۔ اس موقع پر ٹرمنل 3 پرحاجیوں کی روانگی کے لئے پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں اقلیتی امورکے وزیر مختارعباس نقوی، دہلی کے حج امورکے وزیر کیلاش گہلوت، وزیر ماحولیات عمران حسین، دہلی حج کمیٹی کے چیئرمین عاصم احمد خان اوردہلی حج کمیٹی اور مرکزی حج کمیٹی کے عہدیداران خاص طورپرحج کمیٹی آف انڈیا کے چیئرمین جناح شیخ اور سکریٹری مقصود احمد شامل ہوئے۔

Loading...

مرکزی وزیر مختارعباس نقوی نے عازمین حج کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ سال 2019 میں دو لاکھ ہندوستانی مسلمان بغیرکسی سبسڈی کے حج سفرکریں گے، پہلی بارالیکٹرانک ویزا کا استعمال سعود ی عرب نے ہندوستان سے شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ایمانداری اورشفاف نظام کا نتیجہ ہے کہ سبسڈی ختم ہونے کے بعد بھی عازمین حج پرغیرضروری بوجھ نہیں پڑنے پایا اورملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہندوستانی مسلمان اس سال سفرحج پرجائیں گے۔ مختارعباس نقوی نے کہا کہ پورے ملک کے 21 ہوائی اڈوں سے 500 سے زیادہ پروازوں سے ہندوستانی مسلمان اس سال سفرحج پرجائیں گے۔ دہلی ایئرپورٹ سے دہلی کے علاوہ اترپردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ، جموں وکشمیر، پنجاب، چنڈی گڑھ، ہماچل پردیش کے عازمین حج سفرکریں گے۔

قابل ذکرہے کہ آج دہلی سے روانہ ہونے والی پہلی فلائٹ سے اترپردیش کے علی گڑھ، آگرہ، میرٹھ، رامپور اوربلند شہرکے عازمین حج شامل ہیں۔ جبکہ دہلی سے تقریباً 65 فلائٹیں روانہ ہوں گی۔ روزانہ پانچ سے سات فلائٹیں سعودی عرب پرواز کریں گی۔ آخری فلائٹ 17 جولائی کو دہلی سے جائے گی۔ دہلی سے 23000 سے بھی زیادہ عازمین سعودی عرب کے لئے سفرکریں گے۔

اسی کے ساتھ ساتھ اس سال بغیرمحرم کے سفرحج پر جانے والی خواتین کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے دوگنی ہوگی۔ اس سال 2340 خواتین بغیرمحرم کے حج پر جا رہی ہیں جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 1180 تھی۔ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی بغیرمحرم کے حج پر جانے کے لئے درخواست دینے والی ان سبھی خواتین کو بغیرقرعہ اندازی کے حج سفرپرجانے کا نظم کیا گیا ہے۔ ہندوستان سے جانے والے دو لاکھ عازمین حج میں تقریباً 48 فیصد خواتین شامل ہیں۔

 

Loading...