ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

طیارہ کا راستہ تبدیل کئے جانے کے بعد مودی حکومت کے تین وزرا پہنچے جموں ، جانیں کیا ہے مقصد

جموں کشمیر کا دورہ کرنے والے 36 وزرا کو وزیر اعظم نریندر مودی نے واضح کیا ہے کہ وہ وادی کے شہر و دیہات کے لوگوں میں ترقی کے پیغام کو عام کریں۔

  • UNI
  • Last Updated: Jan 18, 2020 08:26 PM IST
  • Share this:
طیارہ کا راستہ تبدیل کئے جانے کے بعد مودی حکومت کے تین وزرا پہنچے جموں ، جانیں کیا ہے مقصد
طیارہ کا راستہ تبدیل کئے جانے کے بعد تین مرکزی وزرا پہنچے جموں ۔ علامتی تصویر

مرکزی حکومت کے 36 وزرا کے ایک ہفتے پر محیط دورہ جموں وکشمیر کا آغاز کرنے والی تین وزرا پر مشتمل ٹیم کو ہفتہ کے روز ناساز موسمی حالات کے باعث جموں کی بجائے سری نگر ہوائی اڈے پر اترنا پڑا ۔ تاہم موسمی حالات میں بہتری واقع ہوتے ہی وہ جموں روانہ ہوگئے۔ بی جے پی جموں کشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری (آرگنائزیشنز) اشوک کول نے بتایا کہ تین وزرا پر مشتمل ٹیم بعد از دوپہر جموں پہنچ گئی۔


انہوں نے کہا کہ تین وزرا پر مشتمل ٹیم جموں پہنچ گئی ، ان کا طے شدہ دوپہر سے پہلے کا شیڈول منسوخ کیا گیا ۔ تاہم انہوں نے دوپہر کے بعد ہونے والے تمام پروگراموں میں شرکت کی۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں شہر میں اپنے طے شدہ پروگرام میں شرکت کی ، ارجن رام میگھوال نے سانبا کے پرانا منڈل جبکہ اشونی چوبی نے سانبا کے چجوال علاقے کا دورہ کیا۔

بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی کے تین وزرا نے سری نگر ایئر پورٹ پر ہی لنچ کیا اور اس کے بعد جموں روانہ ہوئے۔


ذرائع کے مطابق جموں کشمیر کا دورہ کرنے والے 36 وزرا کو وزیر اعظم نریندر مودی نے واضح کیا ہے کہ وہ وادی کے شہر و دیہات کے لوگوں میں ترقی کے پیغام کو عام کریں۔ ایک رپورٹ کے مطابق متذکرہ وزرا اپنے دورہ جموں کشمیر کے دوران جموں خطے میں 51 مقامات جبکہ سری نگر میں صرف 8 جگہوں پر جائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے گزشتہ سال ماہ اگست کی پانچ تاریخ کو جموں کشمیر کو دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کی تنسیخ اور ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلوں کے بعد پہلی بار مرکزی وزرا پر مشتمل کوئی ٹیم وادی کشمیر کا دورہ کررہی ہے۔

اس سے قبل غیر ملکی سفارتکاروں کے وفود 5 اگست 2019 کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کرچکے ہیں ۔ 9 جنوری کو مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 15 سفارتکاروں نے کشمیر کا ایک روزہ دورہ کیاتھا ۔ اس سے قبل 23 ارکان پر مشتمل ایک یوروپی وفد 29 اکتوبر 2019 کو حالات کا جائزہ لینے کے لئے وادی پہنچا تھا ۔
First published: Jan 18, 2020 08:26 PM IST