بنگلورو: مرکزی وزیر آیوش شریپد نائک (Union Minister Sripad Naik) کی گاڑی پیر کو حادثے کا شکار ہوگئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، مرکزی وزیر کی گاڑی شمال کنڑ (North Kannada) کے انکولا (Ankola) میں حادثہ کا شکار ہوگئی۔ حادثہ اس وقت ہوا، جب نائک اپنی اہلیہ وجیا نائیک کے ساتھ یلا پور سے گوکرن جارہے تھے۔ نائک اور ان کی بیوی کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی اہلیہ کی موت ہوگئی۔ نائک کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے اس سے متعلق معاملہ بھی درج کرلیا ہے۔ نائیک کی بیوی کے انتقال پر کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے غم کا اظہار کیا ہے۔ حادثے میں نائیک کے پرسنل اسسٹنٹ (پی اے) کی بھی موت ہوگئی۔
وزیر اعظم نریندر مودی (PM Narendra Modi) نے گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت سے مرکزی وزیر کو بہتر علاج فراہم کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ وزیر اعظم کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پرمود ساونت یہ یقینی بنائیں کہ مرکزی وزیر شریپد نائیک کا گوا میں بہتر طریقے سے علاج ہوسکے۔ واضح رہے کہ نائیک کو پہلے کرناٹک میں ہی ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، بعد میں انہیں گوا کے اسپتال میں علاج کے لئے بھرتی کیا گیا ہے۔
وہیں مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ نے بھی اس سے متعلق پرمود ساونت سے بات چیت کی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے گوا کے وزیر اعلیٰ کو مرکزی وزیر کے لئے بہتر علاج مہیا کرانے کے احکامات دیئے ہیں۔ راجناتھ سنگھ نے پرمود ساونت سے کہا ہے کہ اگر ضرورت ہوتی ہے تو نائیک کو دہلی لے کر آیا جاسکتا ہے۔
وجیا نائیک کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے ٹوئٹ کیا کہ مرکزی وزیر شریپد نائیک جس کار سے سفر کر رہے تھے، اس کے شمال کنڑ میں حادثہ کا شکار ہونے اور ان کی اہلیہ کی موت کی خبر سے پریشان ہوں۔ وجیا نائیک کے بے وقت انتقال پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور شریپد نائیک اور دیگر زخمیوں کے جلد صحتیاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بھی وجیا نائیک کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مرکزی وزیر کے جلد صحتیاب ہونے کی بھی دعا کی ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔