کولکاتا: لوگوں کو متوجہ کرنے کے لئے لوگ عجیب وغریب حرکتیں کرتے نظر آتے ہیں، آج کولکاتا میں بھی مدرسہ اساتذہ اپنی روزی روٹی کے لئے کچھ ایسا ہی کرتے نظر آئیں، لیکن ان کا مقصد لوگوں کو نہیں وزیر اعلی ممتا بنرجی کو متوجہ کرنا تھا۔ مدرسہ اساتذہ نے نالے میں کود کر احتجاج کیا۔ بنگال میں مدارس کو منظوری دلانے اور سرکاری اساتذہ کے طرز پر سہولتیں فراہم کئے جانے کے مطالبے پر مدارس کے اساتذہ گزشتہ کئی دنوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔ آج اساتذہ کا ایک گروپ وزیر اعلی ممتا بنرجی سے ملاقات کے لئے ان کی رہائش گاہ کالی گھاٹ پہنچا۔

اساتذہ وزیر اعلی سے ملاقات کرکے انہیں میمورنڈم دینا چاہتے تھے، لیکن رہائش گاہ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے اساتذہ کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی، جس کے بعد پریشان مدرسہ اساتذہ وزیر اعلی کے گھر کے سامنے گہرے نالے میں کود پڑے اور احتجاج کرنے لگے۔ اساتذہ کے اِس انوکھے احتجاج سے وہاں افراتفری مچ گئی اور پولیس والوں کو انہیں نکالنے کے لئے پسینے چھوٹ گئے۔

پولیس افسران کی ٹیم وہاں پہنچ گئی، اساتذہ کا ایک ہی نعرہ تھا کہ انہیں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کا موقع دیا جائے کافی مشقت کے بعد پولیس افسران ملاقات کے وعدے کے ساتھ اساتذہ کو نکالنے میں کامیاب ہوئے۔ تاہم باہرنکلنے پر تمام مدرسہ اساتذہ کو گرفتارکرلیا گیا۔ کانگریس صدر ادھیر چودھری نے اساتذہ کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ پریشان ہیں انہیں گمراہ کیا جارہا ہے، ان سے جھوٹے وعدے کئے جارہے ہیں۔ مدارس کی منظور ی اگر نہیں ملتی ہے تو تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و اساتذہ کا مستقبل داؤ پر لگا ہے، منظور ی نہ ملنے کی وجہ سے طلباء بورڈ کے امتحان میں شریک ہونے سے قاصر ہیں۔ سابق ایم پی محمد سلیم نے بھی مدرسہ اساتذہ کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے حکومت کے رویے کو افسوسناک بتایا۔ واضح رہے کہ وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ریاست کے دس ہزار مدارس کو منظور ی دینے کا اعلان کیا تھا تاہم ابتک صرف 235 مدارس کو ہی بغیر کسی سرکاری امداد کے منظور ی حاصل ہوئی ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔