اناو: اترپردیش کے اناو واقع حسن گنج کوتوالی علاقے میں لکھنو-آگرہ ایکسپریس وے پر اتوار کی صبح دردناک سڑک حادثہ ہوا۔ جے پور سے بہار کے سیوان جارہی ایک سفاری کار صبح تقریباً 5:00 بجے حادثے کا شکار ہوگئی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق، لکھنو سے آگرہ کی طرف جار ہے ایک کنٹینر کے ڈرائیور کو نیند آگئی، جس سے کنٹینر بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر توڑتے ہوئے دوسری سائیڈ سے آرہی سفاری کار سے ٹکرا گیا۔
یہ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ اس سے کار میں سوار 6 لوگوں میں سے 4 افراد کی جائے حادثہ پر ہی موت ہوگئی، جبکہ ایک نوجوان زخمی ہے۔ وہیں کار میں سوار ایک نوجوان بال بال بچ گیا، اسے کوئی چوٹ نہیں آئی ہے۔ اس حادثے میں مارے گئے لوگ ایک ہی فیملی کے بتائے جا رہے ہیں، جن میں شوہر-بیوی، بیٹی اور بھتیجی شامل ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ راجستھان میں موٹر پارٹس کا کاروبار کرنے والے اکھلیش مشرا اپنے چھوٹے بھائی کی شادی میں شامل ہونے کے لئے فیملی کے ساتھ جے پور سے بہار کے سیوان واقع گاوں جا رہے تھے۔ تبھی آگرہ-لکھنو ایکسپریس وے پر 279 مائل اسٹون کے پاس اس کی کار کو ایک کنٹینر نے ٹکر مار دی۔ یہ ٹکر اتنی خطرناک تھی کہ سفاری کے پرخچے اڑ گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور یوپی ڈا کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو کار سے نکال کر سنگین حالت میں یوپی ڈا کی ایمبولینس سے لکھنو کے لوک بندھو اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے 4 افراد کو مردہ قرار دے دیا۔
اس حادثے میں مارے گئے سبھی لوگ ایک ہی فیملی کے ہیں۔ ان کی شناخت اکھلیش مشرا، ببیتا مشرا اور ان کی بیٹی جیوتی اور اکھلیش مشرا کی بھتیجی پریانشی کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں اس حادثے میں زخمی سنتوش مشرا کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ اس حادثے میں بال بال بچے ان کے ساتھی روپم گپتا نے ان کی پہچان بتائی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔