دیوریا گرلز شیلٹر ہوم معاملہ : وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سی بی آئی کو سونپی معاملے کی جانچ

اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے دیوریا میں گرلز شیلٹر ہوم معاملہ کی تفتیش مرکزی تفتیشی بيورو (سی بی آئی) کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Aug 08, 2018 09:21 AM IST | Updated on: Aug 08, 2018 10:52 AM IST
دیوریا گرلز شیلٹر ہوم معاملہ : وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سی بی آئی کو سونپی معاملے کی جانچ

یوگی آدتیہ ناتھ : فائل فوٹو

اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے دیوریا میں گرلز شیلٹر ہوم معاملہ کی تفتیش مرکزی تفتیشی بيورو (سی بی آئی) کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوگی نے منگل کو دیر رات ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی معاملہ کی تفتیش کے لیے ہاتھ میں لینے سے پہلے تک ریاستی پولیس کی تین رکنی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) معاملہ کی جانچ کرےگی اور اس میں ایس ٹی ایف کاتعاون بھی رہے گا۔

اس سے پہلے خواتین و اطفال بہبود محکمہ کی ایڈیشنل چیف سکریٹری رینوکا کمار اور اے ڈی جی (خواتین سیکورٹی) انجو گپتا نے دیوریا معاملہ پر وزیر اعلی کو اپنی رپورٹ سونپی جس میں کہا گیا ہے کہ گرلز شیلٹر ہوم 2009 سے چل رہاہے تاہم 2017 میں حکومت نے اس شیلٹر ہوم کی منظوری ختم کر دی تھی۔

Loading...

وزیر اعلی نے کہا ’’ہم نے گرلز شیلٹر ہوم کو بند کرنے کے احکامات دیئے تھے لیکن ضلع مجسٹریٹ نے اس پر عمل نہیں کیا۔ اس معاملہ میں قصوروار ضلع مجسٹریٹ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس معاملہ میں ڈی پی او اور دیگر متعلقہ حکام کو معطل کیا جا چکا ہے جبکہ 2015 میں قائم مانيٹرگ کمیٹی کو بھی برخاست کیا گیا ہے‘‘۔

مسٹر یوگی نے کہا’’ہم اس معاملہ میں مقامی پولیس کے کردار کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ گزشتہ 30 جولائی کو مذکورہ گرلز شیلٹر ہوم کے سلسلہ میں ایک ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی مگر پولیس نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔ گورکھپور کے ایڈیشنل پولیس ڈائرکٹر جنرل کو پولیس کے رول کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے‘‘۔

Loading...