مافیا ڈان منا بجرنگی کا باغپت جیل میں گولی مار کر قتل، جیلر سمیت چار معطل

باغپت۔ پوروانچل کا بدنام زمانہ ڈان پریم پرکاش عرف منا بجرنگی کا پیر کی صبح اترپردیش کی باغپت ضلع جیل میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔

Jul 09, 2018 09:39 AM IST | Updated on: Jul 09, 2018 11:17 AM IST
مافیا ڈان منا بجرنگی کا باغپت جیل میں گولی مار کر قتل، جیلر سمیت چار معطل

فائل تصویر

باغپت۔ پوروانچل کا بدنام زمانہ ڈان پریم پرکاش عرف منا بجرنگی کا پیر کی صبح اترپردیش کی باغپت ضلع جیل میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے لیڈر اور سابق ممبر اسمبلی لوکیش دیکشت سے رنگداری مانگنے کے الزام میں منا بجرنگی کی باغپت عدالت میں پیشی ہونی تھی جسے گزشتہ شب جھانسی جیل سے باغپت لایا گیا تھا۔ جیل میں ہی اسے گولی مار دی گئی جس سے اس کی موت ہوگئی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اس واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے واقعہ کی مجسٹریٹ انکوائری کا حکم دیا ہے۔ انکوائری باغپت کے سٹی مجسٹریٹ کریں گے۔ اس واقعہ کے سلسلے میں باغپت جیل کے جیلر، ڈپٹی جیلر سمیت چار ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے۔

باغپت کے پولیس سپرنٹنڈنٹ جے پرکاش نے بتایا کہ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) لیڈر اور سابق ممبر اسمبلی لوکیش دیکشت سے رنگداری مانگنے کے الزام میں باغپت عدالت میں منا بجرنگی کی پیشی ہونی تھی۔ منا بجرنگی کو کل رات ہی جھانسی جیل سے باغپت لایا گیا تھا۔ جیل میں ہی صبح چھ بجے ساتھی قیدی نے اسے گولی مار دی، جس سے اس کی موت ہو گئی۔

اس دوران لکھنؤ میں ریاست کے پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل (لا اینڈ آرڈر) پروین کمار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں قتل میں بدنام مجرم سنیل راٹھی گروہ کے بدمعاشوں کا نام سامنے آیا ہے۔

Loading...

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں منا بجرنگی کی بیوی نے اپنے شوہر کے قتل کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے سیکورٹی بڑھانے کی مانگ کی تھی۔ گزشتہ دنوں لکھنؤ میں ہوئے ایک گینگ وار میں مافیا ڈان منا بجرنگی کے سالے پشپ جيت سنگھ کو قتل کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ جمعہ کو منا پولیس تحویل کے درمیان سالے کی تیرہویں میں حصہ لینے کے لئے وكاس نگر کالونی آیا تھا۔

Loading...