ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

تین روزہ دورے پر آج ہندوستان پہنچیں گے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن ، ان معاملات پر ہوگی گفتگو

امریکی صدر جوبائیڈن (Joe Biden) کے اقتدار میں آنے کے بعد پہلی مرتبہ کوئی امریکی وزیر ہندوستان کے دورے پر آرہا ہے ۔ اس خاص موقع پر لائیڈ آسٹن (Lloyd J Austin) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور این ایس اے سے ملاقات کرکے دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی تعاون کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کریں گے ۔

  • Share this:
تین روزہ دورے پر آج ہندوستان پہنچیں گے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن ، ان معاملات پر ہوگی گفتگو
تین روزہ دورے پر آج ہندوستان پہنچیں گے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن ، ان معاملات پر ہوگی گفتگو

مشرقی لداخ میں گزشتہ کئی مہینوں سے چین کے ساتھ چل رہی کشیدگی کے درمیان امریکہ کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن آج سے تین دن کے دورے پر ہندوستان آرہے ہیں ۔ امریکی صدر جوبائیڈن کے اقتدار میں آنے کے بعد پہلی مرتبہ کوئی امریکی وزیر ہندوستان کے دورے پر آرہا ہے ۔ اس خاص موقع پر لائیڈ آسٹن وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور این ایس اے سے ملاقات کرکے دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی تعاون کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کریں گے ۔


بتادیں کہ امریکی وزیر دفاع آج شام میں دہلی پہنچیں گے ۔ ہفتہ کی صبح لائیڈ آسٹن سب سے پہلے نیشنل وار میموریل پر بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ اس کے بعد وہ ساوتھ بلاک پہنچیں گے ۔ یہاں پر انہیں ٹرائی سروس ( یعنی بری ، بحری اور فضائی فوج ) کا مشترکہ گارڈ آف آنر دیا جائے گا ۔ اس کے بعد لائیڈ آسٹن اور ہندوستان کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے درمیان دوطرفہ بات چیت شروع ہوگی ۔ دونوں لیڈروں کے درمیان ہورہی اس بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے فوجی اور سیکورٹی وفود بھی موجود رہیں گے ۔ میٹنگ ختم ہونے کے بعد دونوں ممالک مشترکہ بیان جاری کریں گے ۔


امریکی محکمہ دفاع کے مطابق ہندوستان میں تین روزہ دورے کے دوران لائیڈ آسٹن اپنے ہم منصب راجناتھ سنگھ کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی سے وابستہ لیڈروں ( این ایس اے وغیرہ) سے بھی ملاقات کریں گے ۔ دونوں ممالک اس خاص موقع پر دفاعی شراکت داری کو مضبوط کرنے پر زور دیں گے ۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ انڈو پیسیفک خطہ اور چین کے معاملہ پر بھی بات چیت کریں گے ۔


روس سے ایس 400 میزائل سسٹم خریدنے کو لے کر امریکہ ہے ناراض

روس سے ایس 400 میزائل سسٹم لینے کو لے کر امریکہ گزشتہ کافی وقت سے ہندوستان سے ناراض چل رہا ہے ۔ لیکن بائیڈن انتطامیہ کے وزیر دفاع کا ہندوستان آنا کافی اہم مانا جارہا ہے ۔ بتادیں کہ امریکہ کے وزیر دفاع بننے سے پہلے لائیڈ آسٹن امریکی فوج کے وائس چیف کے عہدہ پر رہ چکے ہیں ۔ آسٹن عراق اور دیگر خلیجی ممالک میں تعینات امریکہ کی سینٹرل کمان کے کمانڈر کے عہدہ پر بھی اپنی خدمات دے چکے ہیں ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Mar 19, 2021 09:03 AM IST