ہندوستان اور مہاتما گاندھی کے بارے میں کچھ نہیں جانتے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ : اسد الدین اویسی

اویسی نے کہا کہ ٹرمپ کو ہندوستان اور مہاتما گاندھی کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے ، وہ نہیں سمجھ سکتے کہ باپو کا اس ملک میں کیا رول رہا ہے ۔

Sep 25, 2019 06:08 PM IST | Updated on: Sep 25, 2019 06:08 PM IST
ہندوستان اور مہاتما گاندھی کے بارے میں کچھ نہیں جانتے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ : اسد الدین اویسی

ہندوستان اور مہاتما گاندھی کے بارے میں کچھ نہیں جانتے امریکی صدر ٹرمپ : اسد الدین اویسی

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ذریعہ وزیر اعظم مودی کو فادر آف انڈیا بتائے جانے کی مخالفت کی ہے ۔ اویسی نے کہا کہ ٹرمپ کو ہندوستان اور مہاتما گاندھی کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے ، وہ نہیں سمجھ سکتے کہ باپو کا اس ملک میں کیا رول رہا ہے ۔ در اصل ٹرمپ کو امریکہ سے باہر کی دنیا کے بارے میں کچھ معلوم ہی نہیں ہے ، ایسے میں ان کے وزیر اعظم مودی کو فادر آف انڈیا بتائے جانے کے بیان کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہئے ۔ پی ایم مودی کا مہاتما گاندھی سے موازنہ ہو ہی نہیں سکتا ہے ۔

حیدرآباد سے ممبر پارلیمنٹ اویسی نے کہا کہ اگر ٹرمپ کو مہاتما گاندھی کے بارے میں تھوڑا سا بھی علم ہوتا ، تو وہ اس طرح کی جملہ بازی نہیں کرتے ، مہاتما گاندھی کو بابائے قوم کا خطاب اس لئے ملا ، کیونکہ انہوں نے اپنے کام سے یہ اعزاز حاصل کیا تھا ، لوگوں نے ان کی قربانیاں دیکھ کر انہیں یہ خطاب دیا تھا ، اس طرح کے خطاب دئے نہیں جاتے ، بلکہ اپنے کام سے حاصل کئے جاتے ہیں ۔

Loading...

اسد الدین اویسی نے بدھ کو حیدرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران یہ باتیں کہیں ۔ انہوں نے کہا کہ باپو کے علاوہ پنڈت جواہر لال نہرو اور سردار ولبھ بھائی پٹیل بھی ہندوستان کی سیاست کی قداور شخصیت تھے ، ان کو بھی کبھی فادر آف نیشن نہیں کہا گیا ۔ اویسی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو فادر آف انڈیا کہہ کر ٹرمپ دوہرا گیم کھیل رہے ہیں ، ان کے کھیل کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔

قابل ذکر ہے کہ منگل کو نیویارک میں وزیر اعظم مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوئی تھی ۔ اس دوران پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے مودی کی جم کر تعریف کی اور انہیں فادر آف انڈیا بتا دیا ۔ یہی نہیں انہوں نے وزیر اعظم مودی کا موازنہ امریکی راک اسٹار ایلوس پریسلی سے بھی کیا تھا ۔

Loading...