دہلی اسمبلی انتخابات میں جیت کے بعد عام آدمی پارٹی اب اترپردیش میں کرنے جارہی ہے یہ بڑا کام
دہلی اسمبلی انتخابات میں جیت کے بعد عام آدمی پارٹی اب اترپردیش میں کرنے جارہی ہے یہ بڑا کام
دہلی اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شاندارجیت سے یوپی میں عام آدمی پارٹی کے کارکنان اپنے اندرنئی توانائی محسوس کر رہے ہیں۔ پارٹی کارکنان سڑکوں پر نکل کرجیت کی خوشیاں منا رہے ہیں ۔
الہ آباد : دہلی کے انتخابات میں شاندار جیت کے بعد عام آدمی پارٹی نے اب اترپردیش میں بھی اپنی سیاسی طاقت بڑھانے کا اعلان کیا ہے ۔ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی اقتدار میں واپسی سے یوپی میں پارٹی کے کارکنان کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں ۔ یوپی میں الہ آباد اور کانپورعام آدمی پارٹی کا شروع سے ہی گڑھ رہا ہے ۔ ان دونوں شہروں سے عام آدمی پارٹی نے لوک سبھا الیکشن میں اپنے امیدوار بھی کھڑے کئے تھے ۔ کانپور سے ڈاکٹر محمود رحمانی اور الہ آباد سے ٹرانسجینڈر بھوانی ماں نے عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا ، مگر کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی ۔ تاہم یوپی کی سیاست میں عام آدمی پارٹی کے پیر جمانے سے یہاں کی دوسری سیاسی پارٹیوں کے کان ضرور کھڑے ہو گئے تھے ۔
دہلی اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شاندارجیت سے یوپی میں عام آدمی پارٹی کے کارکنان اپنے اندرنئی توانائی محسوس کر رہے ہیں۔ پارٹی کارکنان سڑکوں پر نکل کرجیت کی خوشیاں منا رہے ہیں ۔ خاص طور سے الہ آباد میں جیت کا جشن دھوم دھام سے منایا جارہا ہے ۔ الیکشن میں جیت کا جشن اس طرح سے پہلے بی جے پی منایا کرتی تھی ۔ الہ آباد شہر کے مرکزی علاقے سول لائنس میں عام آدمی پارٹی کے مقامی صدر الطاف احمد کی قیادت میں کارکنان نے جیت کا جشن منایا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر الطاف احمد نے کہا کہ یو پی میں عام آدمی پارٹی کو وسعت دینے کا کام جلد ہی کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام فرقہ پرستی اور مذہبی منافرت پر مبنی سیاست سے اوب چکے ہیں ۔ ڈاکٹر الطاف کا کہنا تھا کہ روزگار ، تعلیم ، سماجی تحفظ اور بنیادی مسائل کا خاتمہ ریاست کے عوام کی پہلی ضرورت ہے ، ایسے میں عام آدمی پارٹی یہاں کے لوگوں کو ایک سیاسی متبادل دینے کا کام کرے گی ۔ اس موقع پر پارٹی کارکنان نے ڈھول تاشے کے ساتھ رقص کیا اور آتش بازی کی ۔ عام آدمی پارٹی کا کہنا تھا کہ دہلی میں مذہبی منافرت پھلانے والی سیاست کو شکست ملی ہے اور جمہوری سوچ رکھنے والوں کی جیت ہوئی ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے اس جیت کے لئے دہلی کے باشندوں کو مبارک باد بھی دی ہے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔