گورکھ ناتھ مندر میں حملہ کے قصوروار قرار دئے گئے مرتضی کو پھانسی کی سزا، این آئی اے کورٹ نے سنایا فیصلہ
گورکھ ناتھ مندر میں حملہ کے قصوروار قرار دئے گئے مرتضی کو پھانسی کی سزا، این آئی اے کورٹ نے سنایا فیصلہ ۔ علامتی تصویر ۔
Uttar Pradesh News: این آئی اے - اے ٹی ایس کے خصوصی جج وویکانند شرن ترپاٹھی کی عدالت نے اس کو یو اے پی اے، بغاوت، گورکھ ناتھ مندر کے سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ سمیت کئی جرائم میں یہ سزا سنائی ہے۔
گورکھپور : گورکھ ناتھ مندر کے سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کے معاملے میں قصوروار قرار دئے گئے احمد مرتضیٰ کو عدالت نے سزائے موت سنائی ہے۔ این آئی اے - اے ٹی ایس کے خصوصی جج وویکانند شرن ترپاٹھی کی عدالت نے اس کو یو اے پی اے، بغاوت، گورکھ ناتھ مندر کے سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ سمیت کئی جرائم میں یہ سزا سنائی ہے۔ بتا دیں کہ گزشتہ سال 3 اپریل کو احمد مرتضیٰ نے گورکھ ناتھ مندر کے سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کیا تھا۔ حملے کے 9 ماہ کے اندر اس کے خلاف ٹرائل مکمل کر کے سزا کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ہفتہ کو لکھنؤ کی ایک عدالت نے اس کو گورکھ ناتھ مندر میں پی اے سی کے ایک جوان پر حملہ کرنے کا قصوروار قرار دیا تھا۔ اے ٹی ایس عدالت کے خصوصی جج وویکانند شرن ترپاٹھی نے کہا تھا کہ سزا کا اعلان 30 جنوری کو کیا جائے گا۔ واقعہ کے وقت گورکھ ناتھ مندر کی سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات پی اے سی جوان انیل کمار پاسوان اور اس کے ساتھی کے علاوہ زخمیوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اور خاتون کانسٹیبل کی گواہی اہم رہی۔ 4 اپریل 2022 کو گورکھ ناتھ پولیس اسٹیشن میں درج ایک ایف آئی آر کے مطابق ونے کمار مشرا کی شکایت کے مطابق انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کے گریجویٹ احمد مرتضیٰ نے 3 اپریل کو گورکھ ناتھ مندر کے احاطے میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی اور وہاں تعینات سیکورٹی اہلکاروں پر درانتی سے حملہ کردیا، جس کی وجہ سے پی اے سی کے دو جوان زخمی ہو گئے تھے۔ نوجوان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا۔
اس کے بعد دوسرے دن مرتضیٰ کا تعلق دہشت گردانہ سرگرمیوں سے ملنے کے بعد معاملہ اے ٹی ایس اور خفیہ ایجنسیوں تک پہنچا۔ عدالت نے اسے ایک ہفتے کیلئے پولس ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔ حکومت نے معاملہ کی جانچ اے ٹی ایس کو سونپ دی تھی۔
اے ٹی ایس جب مرتضیٰ کے ساتھ اس کے گھر پہنچی تو کمرے میں ایک ڈونگل اور ایک ایئرگن ملی تھی۔ اس کے بعد مرتضیٰ پر یو اے پی اے کی دفعات بڑھا دی گئیں۔ اس پورے کیس میں کل 27 گواہوں کو پیش کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزم کا بیان قلمبند کیا گیا ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔