خدمتِ خلق کے آئینے میں سیرتِ مصطفیٰ کے نقوش، عید میلاد النبی کے موقع پر لکھنو میں مختلف تقریبات کا اہتمام
خدمتِ خلق کے آئینے میں سیرتِ مصطفیٰ کے نقوش، عید میلاد النبی کے موقع پر لکھنو میں مختلف تقریبات کا اہتمام
Eid Milad un Nabi : سیرت مصطفی پر عمل کرکے ہی دنیا سے برائیوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے جیسے جےسے وقت گزر رہاہے تعلیمات رسول کی اہمیت اور افادیت میں اضافہ ہورہاہے
لکھنو : علم و ادب کے اہم مرکز لکھنئو میں بھی بارہ ربیع الاول کے مبارک موقع پر مختلف انوع کی تقریبات کا اہتمام دیرینہ عقیدت و احترام اور تزک و احتشام کے ساتھ کیا گیا ۔ اس موقع پر سیرت پاک پر مبنی اجلاس کا اہتمام ، قرآن خانی ، محفلِ ذکر ، بچوں کے تقریری مقابلے، دینی کوئز اور جلوسِ مدحِ صحابہ کی برآمدگی سمیت اہم پروگرام منعقد کئے گئے ۔ گزشتہ شب سے ہی مختلف مدارس، مقامات اور گھروں میں پروگراموں کے انعقاد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا ۔ امین آباد واقع جھنڈے والے پارک سے شروع ہونے والے جلوس مدحِ صحابہ میں پیغمبر خدا محمد صاحب سے عقیدت رکھنے والے شیدائیوں اور عقیدت مندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی لاکھوں لوگوں کے لبوں پر درود ِ محمد اور نعت پاک کے ترانے فضا کو نہایت مقدس مبارک ،خوشگوار اور روحانی بنارہے تھے ۔
اس موقع پر علماء کرام کے ساتھ ساتھ مدرسین طلبا اور دانشوروں کی بھی کثیر تعداد موجود تھی ۔جلوس میں شریک ہونے والی سیکڑوں انجمنوں نے جھنڈے والے پارک سے عید گاہ تک نعت پاک رسول اور سلام و منقبت پڑھتے ہوئے روحانی سفر مکمل کیا۔ عید گاہ میں مقررین نے سیرت نبوی پر بصیرت افروز تقریریں پیش کیں ۔ اس موقع پر لوگوں کو باور کرایا گیا کہ یوں تو ہر عہد میں تعلیمات رسول کی اہمیت رہی ہے اور رہے گی ۔ تاہم موجودہ عہد میں سیرت پاک پر عمل کرنا لازمی اور ضروری ہوگیا ہے ، موجودہ عہد نفرتوں کا عہد ہے اس دور میں ضروری ہے کہ نفرتوں کے ازالے کے لئے سیرت رسول سے محبتوں کا درس لیا جائے ، بڑھتی دہشت گردی اور تعصب کے خاتمے کے لئے ان کے اخلاق سے روشنی لی جائے ۔
پریشان حال لوگوں کی مدد کی جائے یتیموں بی سہارا لوگوں کا تعاون کیا جائے مفلوک الحال اور مفلس انسانوں کی راحت کا سامان مہیا کیا جائے اور یہ سب بغیر تفریق مذہب و ملت کیا جائے کیونکہ رسول اکرم صرف مسلمانوں کے لئے ہی دنیا میں نہیں بھیجے گئے تھے بلکہ پوری دنیا کے انسانوں کے لئے رحمت بناکر بھیجے گئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ پیغمبر خدا کو رحمت المسلمین نہیں بلکہ رحمت اللعالمین کہا گیا ، یعنی آپ کو صرف مسلمانوں کے لئے رحمت نہیں بلکہ پورے عالم کے لئے رحمت بناکر بھیجا گیا ، آپ کی زندگی ہر عہد اور ہر مذہب کے انسانوں کے لئے ایک ایسی مشعل ہدایت ہے جس کی کوئی دوسری نظیر نہیں ۔
اس موقع پر لکھنئو کے مشہور و معروف نعت خوانوں نے علامہ اقبال سے لے کر اپنے عہد کے مشہور و معروف شعراء کی نعتیں پیش کیں ۔ اہم اور خاص بات یہ بھی رہی کہ ولادت مصطفیٰ کے موقع پر ایک بار پھر لکھنئو میں گنگا جمنی تہذیب کی بھرپور اور مکمل نمائندگی کی گئی۔ برادران وطن، ہندو اور سکھ بھائیوں نے جلوس میں شریک ہونے والے عقیدتمندوں کے لئے سبیلیں بھی لگائیں اور تبرک کی تقسیم کو بھی یقینی بنایا اور ساتھ ہی لوگ انجمنوں کے ہمراہ جلوس میں بھی شریک ہوئے ۔
پروگرام کے آخر میں دعائیہ اجلاس کا اہتمام کیا گیا، جس میں مولانا خالد رشید اور دیگر اہم علماء کرام نے دعائیں کرائیں ۔ لوگوں نے تمام دُعاؤں کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی خوشحالی اتحاد اور سلامتی کے لئے بھی دعائیں کی گئیں۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔