UP Violence: جمعہ کی نماز سے پہلے پورے اترپردیش میں ہائی الرٹ، چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کا پہرہ
UP Violence: جمعہ کی نماز سے پہلے پورے اترپردیش میں ہائی الرٹ، چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کا پہرہ ۔ فائل فوٹو ۔
UP Violence: کانپور میں تین جون کو پھوٹ پڑے تشدد کے بعد اگلے ہی جمعہ کو پورے یوپی میں ہوئے ہنگامہ کو لے کر اب پولیس زیادہ احتیاط برت رہی ہے ۔ اب ایک مرتبہ پھر جمعہ کی نماز سے پہلے پورے یوپی میں ہائی الرٹ ہے ۔
لکھنو: کانپور میں تین جون کو پھوٹ پڑے تشدد کے بعد اگلے ہی جمعہ کو پورے یوپی میں ہوئے ہنگامہ کو لے کر اب پولیس زیادہ احتیاط برت رہی ہے ۔ اب ایک مرتبہ پھر جمعہ کی نماز سے پہلے پورے یوپی میں ہائی الرٹ ہے ۔ چپے چپے پر پولیس نے سخت پہرہ کردیا ہے اور کسی بھی طرح کے ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے افسران سے لے کر پولیس اہلکاروں تک سبھی فیلڈ میں تعینات ہیں ۔ انتظامی افسران بھی پورے واقعہ کے بعد سے الرٹ ہیں ۔
گزشتہ جمعہ کو بھی جمعہ کی نماز کے بعد اترپردیش میں کئی مقامات پر تشدد کے واقعات پیش آئے تھے اور جگہ جگہ پتھراو ہوئے تھے ۔ اس دوران کئی افراد زخمی بھی ہوگئے تھے اور پولیس نے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں بھی کی تھیں ۔ سب سے زیادہ تشدد پریاگ راج میں ہوا تھا ۔ اسی کو دیکھتے ہوئے سرکار نے پولیس اور انتظامی افسران کو بندوبست کو چاق و چوبند کرنے کی ہدایت دی تھی، جس کے بعد ہر ضلع میں مذہبی رہنماوں ، اماموں ، مدرسوں کے ساتھ پولیس اور انتظامی افسران نے میٹنگ کرکے ماحول کو پرسکون رکھنے کی اپیل کی ہے ۔
پریاگ راج میں پولیس انتظامیہ نے پوری تیاری کی ہے ۔ مذہبی رہنماوں کے ساتھ میٹنگ کرکے ان سے امن و امان کو برقرار رکھنے کی اپیل بھی لوگوں کیلئے جاری کروائی گئی ہے ۔ گزشتہ جمعہ کے مقابلہ میں اس مرتبہ کئی گنا زیادہ پولیس ، ہوم گارڈ، ڈی ایس ، آر اے ایف اور پیراملیٹری فورسیز کو تعینات کیا گیا تھا ۔ حساس علاقوں میں تین سو کی تعداد میں اضافی سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں ۔
وہیں میرٹھ میں بھی ہائی الرٹ ہے ۔ پولیس نے شہر بھر میں جمعرات کو بھی فلیگ مارچ نکالا۔ ہاپورٹ اڈہ، گھنٹہ گھر ، جلی کوٹھی ، سوتی گنج میں فلیگ مارچ نکالا گیا ہے ۔ وہیں فیروز آباد میں انتظامیہ نے مسلم کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ میٹنگ کرکے امن و امان کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ۔
ایودھیا میں جمعہ کی نماز سے پہلے جمعرات کو شہر میں روٹ مارچ نکالا گیا ۔ آئی جی کے پی سنگھ ، ڈی ایم نتیش کمار اور ایس ایس پی شیلیش پانڈے نے پولیس فورسیز کے ساتھ مارچ کیا اور سبھی مذہبی رہنماوں سے بات کرکے امن بنائے رکھنے کی اپیل کی ۔ وہیں وارانسی شہر میں پولیس اور انتظامی افسران نے فلیگ مارچ کیا اور پولیس بھی الرٹ پر ہے ۔ پورے شہر میں آر اے ایف اور پی اے سی کے جوان تعینات ہیں ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔