لکھنو : انٹیگرل یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد میں مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی شرکت
لکھنو : انٹیگرل یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد میں مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی شرکت
Lucknow News: راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پروفیسر سید وسیم اختر نے تعلیم کے میدان میں جو خدمات انجام دی ہیں، وہ بہت اہم ہیں ۔ موجودہ عہد میں صرف لڑکے ہی نہیں بلکہ لڑکیاں بھی ہر میدان ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں ۔
لکھنو : مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے انٹیگرل یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انٹیگرل یونیورسٹی نے بہت کم وقت میں تعلیم کے میدان میں اہم اور غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں ۔ چودہویں جلسہءِ تقسیم اسناد میں لکھنئو سے بی جے پی کے ممبر آف پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے ساتھ اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے بھی انٹیگرل یونیورسٹی کے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ جس انداز کی تعلیم اور تربیت یہاں پڑھنے والے بچوں کو فراہم کررہی ہے، اس سے ہمارے بچوں کے ساتھ ساتھ ملک کا مستقبل بھی سنوررہا ہے۔اب صرف لڑکے ہی نہیں بلکہ لڑکیاں بھی زندگی کہ ہر شعبے ہر میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں ۔
واضح رہے کہ راجناتھ سنگھ نے انٹیگرل یونیورسٹی کےجلسہ تقسیم اسناد میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو میڈلز اور اسناد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی بھی کی اور ان کے سامنے کامیاب ترین لوگوں کی اہم مثالیں بھی پیش کیں ۔ اس موقع پر اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک بھی راجناتھ سنگھ کے ہمراہ مہمانِ اعزای کی حیثیت سے جلسہءِ تقسیمِ اسناد میں شریک ہوئے ۔ انہوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کے بانی و چانسلر سید وسیم اختر کی تعلیمی خدمات کی ستائش کی اور ان کے تعلیمی کارناموں کو تاریخی کارناموں سے تعبیر کیا ۔ یونیورسٹی کے سبزہ زار پر منظم کیے گئے خوبصورت پنڈال میں تین ہزار سے زیادہ طلبا و طالبات کو میڈلز اور اور اسناد تقسیم کئے گئے ۔ محکمہءِ ماسٹر آف ٹیکنالوجی کی بایو انفارمیشن برانچ کی انم تنویر نے پوری یونیورسٹی میں اوّل مقام پاکر گولڈ میڈل حاصل کیا ہے جبکہ بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی سید طوبہ جمال نے پوری یونیورسٹی میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سِلور میڈل حاصل کیا ہے ۔ ان ٹاپرز کے علاوہ مختلف زمروں کے دیگر 85 طلبا و طالبات نے سونے اور 83 طلبا و طالبات نے چاندی کے میڈل حاصل کیے ہیں ۔ یہاں یہ بات بھی خاصی اہم ہے کہ انٹیگرل یونیورسٹی کی جانب سے گیمبیا کے صدر آدامابارو کو ڈی لٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی سرفراز کیا گیا ۔ یہ ڈگری گیمبیا کے صدر آداما بارو کی جانب سے گیمبیا کے ہائی کمشنر ( دہلی) مصطفیٰ جوارا نے حاصل کی اور ڈگری کی حصولیابی کے بعد انٹیگرل یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول اور مشن کی خوب تعریف کی وہ بھی ایک خاص مہمان کی حیثیت سے کنووکیشن میں شریک ہوئے ۔
اس موقع پر پروفیسر سید وسیم اختر نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ، اتر پردیش کے کے نائب وزیر اعلیٰ جناب برجیش پاٹھک ، گیمبیا کے ہائی کمشنر( دہلی) مصطفیٰ جوارا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بصیرت افروز تقریر کی ۔ یونیورسٹی کے پرو چانسلر ڈاکٹرسید ندیم اخترنے بھی وزیر دفاع کے اعززا و شان میں خوبصورت شعر پڑھتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ ساتھ ہی طلبا وطالابت کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت نے یونیورسٹی کی تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے مہمانون کا شکریہ ادا بھی کیا اور طلبا وطالبات کو مبارکباد بھی پیش کی ۔
اس اہم اور خاص موقع پر عذرا وسیم بھی اسٹیج پر موجود رہیں اور انہوں نے بھی بچوں کو اپنی دعاوں سے نوازا ۔ انٹیگرل یونیورسٹی کو تاریخی اور کامیاب ترین بنانے والوں لوگوں میں وائس چانسلر اور رجسٹرار کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور دیگر کمیٹیوں کے ممبران نے بھی اپنا غیر معمولی تعاون پیش کیا ۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر محمد حارث صدیقی نے بھی اپنے معنی خیز خیالات کا اظہار کیا۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔