پارلیمنٹ ہاوس دہشت گردانہ حملہ کی 19ویں برسی پر وزیر اعظم نے کہا : اس بزدلانہ حملہ کو کبھی نہیں بھولیں گے
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ ملک پارلیمنٹ پر بزدلانہ حملے کو کبھی فراموش نہیں کرے گا اور اس کی حفاظت کرنے والے شہدا کا ہمیشہ مقروض رہے گا ۔
- UNI
- Last Updated: Dec 13, 2020 04:01 PM IST

پارلیمنٹ ہاوس دہشت گردانہ حملہ کی 19ویں برسی پر وزیر اعظم نے کہا : اس بزدلانہ حملہ کو کبھی نہیں بھولیں گے
صدر رام ناتھ کووند نے 2001 میں پارلیمنٹ ہاؤس پر دہشت گردانہ حملے میں شہید بہادر سپوتوں کو یاد اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا پارلیمنٹ حملے کی برسی کے موقع پر صدر رام ناتھ کووند نے اتوار کے روز ٹوئٹ کیا : قوم ان بہادر بیٹوں کو یاد کر رہی ہے جنہوں نے 2001 میں اسی دن پارلیمنٹ کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا ’’جمہوریت کی مندر کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو یاد کرتے ہوئے دہشت گردی کو شکست دینے کے ہمارے عزائم کو مضبوط کرتا ہے‘‘۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ ملک پارلیمنٹ پر بزدلانہ حملے کو کبھی فراموش نہیں کرے گا اور اس کی حفاظت کرنے والے شہدا کا ہمیشہ مقروض رہے گا ۔ ایک ٹویٹ پیغام میں مودی نے کہا کہ ہم سال 2001 میں اپنی پارلیمنٹ پر حملے کو کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔ ہمیں ان شہدا کی بہادری یاد ہے جنہوں نے پارلیمنٹ کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کردیں ۔ ملک ہمیشہ ان کا ممنون ر ہے گا۔
We will never forget the cowardly attack on our Parliament on this day in 2001. We recall the valour and sacrifice of those who lost their lives protecting our Parliament. India will always be thankful to them.
— Narendra Modi (@narendramodi) December 13, 2020
نائب صدر جمہوریہ ایم وینکئیا نائیڈو نے پارلیمنٹ حملے کے شہیدوں کو سلام کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کو متحد ہوکر لڑنا چاہئے نائیڈو نے ایک پیغام میں کہا کہ پارلیمنٹ جمہوریت کا مندر ہے اور جمہوریت کےلئے دہشت گردی سب سے بڑا خطرہ ہے۔ نائب صدر نے کہا،’’ 2001 میں پارلیمنٹ پر ہوئے دہشت گردانہ حملے سے ہماری جمہوریت کے مندر کی حفاظت میں اپنی سب سے بڑی قربانی دینے والے بہادر جوانوں کو سلام ۔‘‘انہوں نے کہا کہ یہ دن یاد دلاتا ہے کہ دہشت گردی جمہوریت کےلئے سب سے بڑا خطرہ ہے ۔ دہشت گردی کے حامی ملکوں کے خلاف عالمی برادری کو متحد ہونا چاہئے۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا: 2001میں جمہوریت کی مندر پارلیمنٹ پر بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان نچھاور کرنے والے ہندوستان کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ ممنون قوم اس قربانی کا ہمیشہ مقروض رہے گا۔
قابل ذکر ہے کہ 2001 میں اسی دن پاکستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں لشکر طیبہ اور جیش محمد کے دہشت گردوں نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا ۔ اس حملے میں دہلی پولیس اور پارلیمنٹ کے سیکورٹی اہلکار اور ایک باغبان سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ سیکورٹی اہلکاروں نے بہادری اور تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچوں دہشت گردوں کا ڈھیر کردیا تھا۔